حکومت کیخلاف باتیں کرنے والے 5 سال انتظار کریں
کوئٹہ:حکومتی ارکان اور سیاسی جماعتوں کے رہنماؤں نے کہا ہے کہ بلوچستان حکومت نے صوبے میں کرپشن اور ٹھیکیداری کے نظام کا خاتمہ کر کے عوامی مسائل کے حل پر توجہ مرکوز کر رکھی ہے، حکومتی کارکردگی پر بات کرنے والے ساڑھے تین سال انتظار کریں جس کے بعد عوامی عدالت میں فیصلہ ہوگا،شہید نصر اللہ کاکڑ نے ظلم اور سود کے خلاف جدوجہد کی ہم انکے نقش قدم پرچلتے ہوئے انکے مشن کو پایہ تکمیل تک پہنچائیں گے، یہ بات صوبائی وزیر خوراک و بہبود آبادی سردار عبدالرحمن کھیتران،پاکستان ورکرز پارٹی کے مرکزی چیئرمین وزیراعلیٰ بلوچستان کے کوارڈنیٹر بلال خان کاکڑ، پارلیمانی سیکرٹری برائے اقلیتی امور دھنیش کمار،حکومت بلوچستان کے ترجمان لیاقت شاہوانی، بلوچستان امن جرگہ کے سربراہ لالا یوسف خلجی‘،عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی جوائنٹ سیکرٹری رشید خان ناصر،قبائلی رہنماء نوابزادہ اسماعیل جوگیزئی، سردار نصراللہ خان کاکڑو دیگر نے پاکستان ورکرز پارٹی کے بانی شہید نصراللہ خان کاکڑ کی چودہویں برسی کے موقع پر سائنس کالج میں منعقدہ تعزیتی ریفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی‘ مقررین نے کہاکہ ماضی میں حکمرانوں نے صوبے کی ترقی کیلئے وعدے کئے جو پورے نہ ہوسکے جسکی وجہ سے بلوچستان آج پسماندگی کا شکار ہے صوبائی حکومت نے صوبے میں کرپشن اور ٹھیکیداری نظام ختم کرکے اجتماعی کاموں پر توجہ دی وزیراعلیٰ بلوچستان کا وژن عوامی خواہشات کی تکمیل اور انکے مسائل کا حل ہے جس کے حصول کے لئے حکومت کارفرما ہے، انہوں نے کہا کہ موجودہ حکومت کے خلاف باتیں کرنے والے پانچ سال مکمل ہونے کا انتظار کریں جن کے بعد ہم عوام کے سامنے حکومت کی کارکردگی رکھیں گے پھر عوام خود فیصلہ کریگی کہ حکومت نے صوبے کے لئے کیا کچھ کیا، انہوں نے کہاکہ پسماندگی اور احساس محرومی سے نجات دلانے کیلئے واحد حل یہ ہے کہ ہم اس صوبے کو ترقی کی راہ پر گامزن اور کرپشن کا خاتمہ کریں،مقررین نے کہا کہ ملک کیخلاف سازشوں کو ناکام بنانے کیلئے جدوجہد کو تیز کرینگے بعض قوتیں نہیں چاہتیں کہ یہ ملک ترقی کی راہ پر گامزن ہوصوبائی حکومت صوبے میں امن وامان کا قیام بحال رکھنے‘تعلیم‘صحت اور دیگر شعبوں کی فعالیت کیلئے بھرپور اقدامات اٹھارہی ہے اور ثمرات جلد عوام کے سامنے ہونگے‘