گوڈ گورنینس کو قائم رکھنے میں افسران کا کردار کلیدی ہے، گورنر بلوچستان
کو ئٹہ؛گورنر بلوچستان سید ظہوراحمد آغا نے کہا ہے کہ گوڈ گورنینس کو قائم اور برقرار رکھنے میں سرکاری آفیسروں کا کلیدی کردار ہے،ذہن نشین رہے کہ تمام سرکاری آفیسرز عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہوتے ہیں، ہمیں ماضی کی غلط روایات اور فرسودہ طریقہ کار کے مکمل خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے ہونگے۔ان خیا لات کا اظہا ر انہوں نے گزشتہ روز سول سیکریٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں سے ملاقات کے موقع پر با ت چیت کر تے ہو ئے کیا۔گزشتہ روز گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا سے عبدالمالک کاکڑ کی قیادت میں بلوچستان سول سیکریٹریٹ آفیسرز ویلفیئر ایسوسی ایشن کے عہدیداروں نے ملاقات کی۔ ملاقات میں بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز کو درپیش مشکلات، وفاق میں بلوچستان کیلئے مختص کوٹہ پر تعینات ہونے والے جعلی ڈومیسائل کی منسوخی کے عمل کو تیز کرنے، وفاق اور صوبوں کے درمیان ملازمین میں توازن قائم کرنے کے امور زیر غور آئے۔اس موقع پر گورنر بلو چستان سید ظہور احمد آغا کا کہنا تھا کہ گڈ گورننس کو قائم اور برقرار رکھنے میں سرکاری آفیسروں کا کلیدی کردار ہے،گڈ گورننس قائم کرنے اور معاشرے کو ناجائز سفارشوں اور کرپشن سے پاک رکھنے میں آفیسرز حضرات اپنا کردار ادا کریں ہمیں ماضی کی غلط روایات اور فرسودہ طریقہ کار کے مکمل خاتمے کیلئے انقلابی اقدامات اٹھانے ہونگے، معاشرے کے صاحب اختیار اور ذمہ دار افراد میں اپنی احساس ذمہ داری سے غفلت تباہ کن ہے، آفیسرز کو کسی دباؤ میں آنے کی بجائے ایک سچے خادم کی حیثیت سے اپنے فرائض منصبی احسن طریقے سے ادا کرنا چاہیے۔ ذہن نشین رہے کہ تمام سرکاری آفیسرز عوام کے حاکم نہیں بلکہ خادم ہوتے ہیں بعض سرکردہ افراد اپنے حقیر ذاتی مفاد کے حصول کیلئے مفاد خلق اور پورے اجتماعی نظام کو داو پر لگا دیتے ہیں گورنر بلوچستان نے بلوچستان سول سیکرٹریٹ آفیسرز کو ان کے تمام قانونی حقوق دلوانے کی یقین دہانی کرائی۔


