کوئٹہ، ایئرپورٹ روڈ پر ڈکیٹی کے ملزمان گرفتار، مسروقہ سامان و اسلحہ برآمد
کو ئٹہ: کوئٹہ پولیس نے ڈکیتی کی وارداتوں میں ملوث گروہ کے 3 ملزمان کو گرفتار کرکے لوٹا گیا سامان جس میں نقدی، قیمتی موبائل، اسلحہ اور دیگر سامان تھا برآمد کرلیا۔ گرفتار ملزمان عدالت سے سزا یافتہ اور چالان شدہ ہیں۔ ان کے ایک ساتھی کی تلاش جاری ہے۔ اسٹریٹ کرائم اور موٹر سائیکل چھیننے والوں سمیت مختلف محکموں کا نام لیکر گھروں میں ڈکیتی کرنے والے گروہوں کی معلومات پر کارروائی کی جارہی ہے ایس ایس پی آپریشن کوئٹہ اسد ناصر نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ کوئٹہ شہر میں کچھ عرصے سے جرائم پیشہ عناصر اور راہزنی، ڈکیتی، چوری سمیت دیگر وارداتوں میں ملوث گروہ کارروائیاں کررہے تھے جس میں سے ایئر پورٹ روڈ پر دکان سے 18 موبائل جبکہ ایئر پورٹ روڈ پر ای ایف سی ریسٹورنٹ سے 1 لاکھ روپے، 5 موبائل اس کے علاوہ بیکری کیک اینڈ کوکیز ایئر پورٹ سے بھی 1 لاکھ 2 ہزار 2 موبائل فون چھینے گئے تھے ایک اور کارروائی میں عالمو چوک پر موٹر سائیکل سواروں نے 33 ہزار روپے 2 موبائل فون ایک اور کارروائی میں ٹریول ایجنسی سے 10 لاکھ روپے چھینے تھے پولیس نے ڈی آئی جی پولیس کوئٹہ اظہر اکرم کی خصوصی ہدایت پر ایس ایس پی انویسٹی گیشن کی نگرانی میں ایس پی آپریشن صدر ڈویژن کیپٹن (ر) قاضی علی رضا، ایس پی انویسٹی گیشن سٹی صدر ارسلان زاہد، ڈی ایس پی عبدالرزاق، ایس ایچ اوز شوکت خان جدون، خالد حسین، عجب خان کاکڑ اور دیگر نے دن رات محنت کرکے ان 5 ڈکیتی کی وارداتوں کا سراغ لگایا اور اس میں ملوث ملزمان کی نشاندہی ہونے پر کارروائی کی اور 3 ملزمان گروہ کے سرغنہ شفیع اللہ اس کے ساتھی عبدالمالک، اسد اللہ تینوں کو گرفتار کیا ان کے قبضے سے 3 پسٹل بمہ راؤنڈ برآمد کرکے تفتیش کے بعد ملزمان کے قبضے سے 18 مسروقہ موبائل، 5 دیگر موبائل چھینی گئی رقم 2 موبائل فون اور نقدی برآمد کرکے قبضے میں لے لی۔ ہیئر ڈریسر دکان میں ڈکیتی کے سامان کی برآمدگی باقی ملزمان پہلے بھی عدالت سے شفیع اللہ 10 بار چالان اور 6 سال سزا بھگت چکا ہے جبکہ عبدالمالک 2 بار چالان ہوچکا ہے۔ ملزمان کا ساتھی صادق کی گرفتاری کے لئے پولیس کوششیں کررہی ہے۔ گرفتار ملزمان کا تعلق نواں کلی اور خروٹ آباد سے ہے جن سے مزید تفتیش جاری ہے۔ ایس ایس پی اسد خان ناصر نے بتایا کہ شہر میں موٹر سائیکل چھیننے اور چوری کی وارداتوں میں مختلف گروہ ملوث ہے اور وہ بہت کم وقت میں چھینی گئی اور چوری کی گئیں موٹر سائیکلوں کو کوئٹہ سے باہر بولان، مستونگ اور بلیلی کی جانب لے جاتے ہیں یا پھر ان کا پرزہ پاٹ کرکے فروخت کرتے ہیں پولیس نے متعدد گروہ گرفتار کئے ہیں مزید کارروائی جاری ہے۔ ان کا کہنا تھا کہ شہر میں مختلف محکموں کے نام پر 20 سے 30 لوگوں پر مشتمل گروہ کارروائیاں کررہا ہے ان کی معلومات حاصل کی گئی ہیں اور ان کے خلاف کارروائی شروع کردی گئی ہے۔ بہت جلد یہ گروہ بھی عوام کے تعاون سے قانون کی گرفت میں ہوں گے۔ انہوں نے کہا کہ شہری پولیس سے تعاون کریں تاکہ جرائم پیشہ عناصر کی بیخ کنی کرکے عوام کے جان و مال کے تحفظ کو یقینی بنایا جاسکے۔


