پاکستان شنگھائی تعاون تنظیم کے اہداف اور مقاصد کو آگے بڑھا رہا ہے، وزیر خارجہ
اسلام آباد :وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی نے شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے اہداف اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے پختہ عزم کا اعادہ کیا ہے۔اسلام آباد سے شنگھائی تعاون تنظیم(ایس سی او) کے رکن ممالک کے سربراہان حکومت کی کونسل کے اجلاس سے ورچوئل خطاب کرتے ہوئیقریشی نے ایس سی او کے قیام کی 20 ویں سالگرہ کو ایک اہم موڑ کے طور پر بیان کرتے ہوئے کہا کہ ایس سی او کے رہنماؤں کو اجتماعی طور پر مستقبل کے لائحہ عمل کو ترتیب دینے کی ضرورت ہے۔انہوں نے کہا کہ علاقائی خوشحالی اور اقتصادی ترقی بارے شنگھائی تعاون تنظیم کے وڑن کی تکمیل کے لیے علاقائی سلامتی ناگزیر ہے اور اس کوشش میں افغانستان میں استحکام شنگھائی تعاون تنظیم کے تمام رکن ممالک کے لیے انتہائی اہمیت کا حامل ہے۔وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان افغان عوام کی سماجی و اقتصادی ترقی میں اپنا کردار ادا کرنے کے ساتھ ساتھ مشترکہ اہداف اور مقاصد کو آگے بڑھانے کے لیے علاقائی اور بین الاقوامی شراکت داروں کے ساتھ مل کر ضرورت کی گھڑی میں ان کی مدد کے لیے اپنا کردار ادا کرتا رہے گا۔انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ علاقائی اقتصادی ترقی کے حصول کے لیے علاقائی روابط کے ساتھ ساتھ تاجروں اور صنعت کاروں کے درمیان روابط پیدا کرنے کے منصوبے اہم ہیں۔


