متحدہ اپوزیشن کے ساتھ ملکر عوام دشمن منی بجٹ اور قانون سازی کا مقابلہ کرینگے، مولانا عبدالواسع
کو ئٹہ: جمعیت علما اسلام بلوچستان کے صوبائی امیر و رکن قومی اسمبلی مولانا عبدالواسع اور جنرل سیکرٹری سید آغا محمود شاہ نے کہا ہے کہ متحدہ اپوزیشن کے ساتھ مل کر پاکستان اور عوام دشمن منی بجٹ اور قانون سازی کا مقابلہ کریں گے، ملک کو چلانے کیلئے حقیقی سیاسی قیادت کا ہونا لازمی ہے مگربدقسمتی سے ملک پر ایسے حکمرانو ں کو مسلط کیاگیا ہے جنہوں نے ملک کو بحرانوں سے دوچار کردیا ہے جب تک موجودہ حکومت کا خاتمہ نہیں کیا جاتا اس وقت تک جمعیت علما اسلام اور پی ڈی ایم کا احتجاج جاری رہے گا۔ اپنے مشترکہ بیان میں انہوں نے کہا ہے کہ بااختیار پارلیمنٹ اور عوام کے حق حاکمیت پر کوئی سودے بازی نہیں کرنے دیں گے جو بھی سوچ جمہوریت سے نفرت کرتی ہے اسے شکست دیں گے۔ اسلام ہمارا دین ہے، سوشلزم ہماری معیشت ہے، جمہوریت ہماری سیاست ہے اور طاقت کا سرچشمہ عوام ہے۔ انہوں نے کہا کہ جمعیت علما اسلام جب بھی اقتدار میں آئی عوام کی طاقت اور ووٹ سے آئی، اس لیے ہماری ترجیح صرف عوام کی زندگیوں میں آسانیاں پیدا کرنے پر مبذول رہی ہے۔ جمعیت علما اسلام سمیت تمام جمہوریت پسندوں کا فرض ہے کہ وہ 18 ویں آئینی ترمیم کی حفاظت کریں، آئی ایم ایف کی شرائط پر ایک اور منی بجٹ سے حکومت پھر جھوٹی ثابت ہو گئی ہے قوم کے مفادات کے تحفظ میں حکومت نے مجرمانہ کردار ادا کیا ہے، آئی ایم ایف کی شرائط پر منی بجٹ لانے کی اطلاع پاکستان کی قومی سلامتی کیلئے خطرہ ہے۔ انہوں نے کہاکہ حکومت پاکستان کی معاشی خودمختاری کے خلاف سازش ثابت ہوئی، منی بجٹ کے ساتھ اسٹیٹ بینک اور جی ایس ٹی سے متعلق قانون سازی کی جا رہی ہے، یہ پاکستان کو آئی ایم ایف کا معاشی غلام اور گورنر کو آئی ایم ایف کا وائسرائے بنا دے گی، آئی ایم ایف کی موجودہ شرائط کے نتائج خطرناک ہو سکتے ہیں، پاکستان کی دفاعی صلاحیت اور مستقبل میں حکومتی نظام مفلوج ہو جانے کے خدشات ہیں، منی بجٹ لانے کے بجائے عمران نیازی استعفی دیں انہوں نے کہا کہ حکومت کی اتحادی جماعتوں کو قومی مفاد میں منی بجٹ کے خلاف کھڑا ہونا چاہیے، منی بجٹ منظور ہونے کا مطلب پاکستان اور عوام کے مستقبل پر غلامی کی مہر لگانا ہے متحدہ اپوزیشن سے مل کر پاکستان اور عوام دشمن منی بجٹ اور قانون سازی کا مقابلہ کریں گے، حکومت کا راستہ روکیں گے۔


