حکومت کے ساتھ مذاکرات کامیاب، شہر کو پانی کی سپلائی بحال کرنے کا اعلان کرتے ہیں، اختر زمان
کوئٹہ: آل بلوچستان پرائیویٹ واٹر سپلائی اینڈ ٹیوب ویلز ایسوسی ایشن کے صدراختر زمان نے کہا ہے کہ حکومت نے ہمارے 5میں سے 4مطالبات تسلیم کرلئے ہیں جس کے بعد ہم اپنی ہڑتال ختم کرکے شہرکو پانی کی سپلائی بحال کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے جمعرات کو جنرل سیکرٹری محمدخان،محمداکرم اوردیگرکے ہمراہ کوئٹہ پریس کلب میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہی۔انہوں نے کہا کہ آل بلوچستان پرائیویٹ واٹر سپلائی اینڈ ٹیوب ویلز ایسوسی ایشن نے اپنے جائز مطالبات کے حل کیلئے گزشتہ کئی روز سے ہڑتال کر رکھی تھی جس پر انتظامیہ اورایسوسی ایشن کے درمیان مذاکرات ہوئے۔انہوں نے کہا کہ حکومت نے ہمارے 5میں سے4مطالبات جن میں تمام واٹر سپلائی مالکان کو این او سی جاری کرنا اورانکوغیر ضروری تنگ نہ کرنا،ٹریکٹر ڈرائیورز کو قانون کے مطابق ڈرائیونگ لائسنس کی فراہمی،ٹریکٹر کا چالان قانون کے مطابق کرنا نہ کہ سارجنٹ کی من مانی سے ہو۔انہوں نے کہا کہ ہم حکومت کا شکریہ ادا کرتے ہیں کہ انہوں نے ہمارے مسائل حل کرنے کی یقین دہانی کرائی ہے۔ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ 2010-11ء میں 73ٹیوب ویلز کو این او سی جاری کیا گیا تھا جو جن کی ڈیٹ ختم ہوچکی ہے اسکے بعد حکومت کی جانب سے ابتک کوئی این او سی جاری نہیں کیا گیا۔ ایک سوال کے جواب میں انہوں نے بتایا کہ اسوقت کوئٹہ میں 150سے زائد ٹیوب ویلز کے ذریعے شہر کو پانی سپلائی کیا جارہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ہم حکومت سے کامیاب مذاکرات کے بعد آل بلوچستان پرائیویٹ واٹر سپلائی اینڈ ٹیوب ویلز ایسوسی ایشن ہڑتال ختم کرنے کا اعلان کرتے ہیں۔


