پاکستان میں کورونا وائرس سے 10افراد متاثر، ہلاکتیں 224ہو گئیں

پاکستان میں کورونا وائرس کے اب تک رپورٹ ہونے والے کیسز کی کل تعداد 10 ہزار 513 ہو چکی ہے جبکہ اس وباء سے اموات کی مجموعی تعداد 224 ہو گئی۔ملک میں 7 ہزار 952 کورونا وائرس کے مریض اب بھی اسپتالوں میں زیرِ علاج ہیں، جن میں سے 60 کی حالت تشویش ناک ہے جبکہ 2 ہزار 337 مریض اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے اس بیماری سے صحت یاب ہو چکے ہیں۔پنجاب میں کورونا کے مریضوں کی تعداد سب سے زیادہ 4 ہزار 590 ہے جبکہ اس سے ہلاکتیں 58 ہو گئی ہیں۔سندھ میں اب تک کورونا وائرس کے 3 ہزار 373 مریض سامنے آئے ہیں، جبکہ 69 مریض کورونا کے باعث جان کی بازی ہار چکے ہیں۔خیبر پختون خوا میں کورونا کے مریضوں کی تعداد 1 ہزار 453 ہو چکی ہے جبکہ اموات تمام صوبوں سے زیادہ 83 ہو گئیں۔کورونا وائرس کے بلوچستان میں 552 مریض اب تک رپورٹ ہوئے ہیں جہاں 8 افراد اس مرض سے انتقال کر چکے ہیں۔گلگت بلتستان میں 290 کورونا کے مریض سامنے آئے ہیں جبکہ اس سے 3 افراد جاں بحق ہوئے ہیں۔وفاقی دارالحکومت اسلام آباد میں 204 کورونا وائرس کے متاثرہ مریض ہیں جبکہ 3 افراد اس وباء سے جان کی بازی ہار چکے ہیں۔آزاد کشمیر میں کورونا کے اب تک 51 مریض رپورٹ ہوئے ہیں تاہم اللّٰہ تعالیٰ کے فضل و کرم سے یہاں اس وائرس سے اب تک کوئی ہلاکت سامنے نہیں آئی ہے۔اب تک ملک بھر میں کورونا کے 1 لاکھ 24 ہزار 549 ٹیسٹ کیے جا چکے ہیں، جبکہ گزشتہ روز (منگل 22 اپریل کو) ملک بھر میں کورونا کے 6 ہزار 700 ٹیسٹ کیے گئے ۔ملک بھر میں کورونا کے مقامی منتقلی کے کیسز 79 فیصد ہیں جبکہ 21 فیصد کیسز فارن ٹریول کے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں