سی پیک بلوچستان کی ملکیت، پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے، لالا یوسف خلجی

کوئٹہ:بلوچستان امن جرگے کے سربراہ لالا یوسف خلجی نے ”گوادر کو حق دو“ تحریک کے مطالبات کی مکمل حمایت کرتے ہوئے کہا ہے کہ وفاقی اور صوبائی حکومت گوادر اور بلوچستان کے عوام کو انکے جائز حقوق دینے کیلئے موثر قانون سازی کو یقینی بنائیں،گوادر سی پیک بلوچستان کی ملکیت ہے جس پر سب سے پہلا حق بلوچستان کے عوام کا ہے بلوچستان امن جرگہ گوادر کو حق دو تحریک کی مکمل حمایت کا اعلان کرتا ہے۔یہاں جاری ہونے والے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ گوادر کے عوام گزشتہ28 روز سے اپنے جائز مطالبات کے حل کیلئے احتجاجی دھرنا دیئے بیٹھے ہیں لیکن وفاقی اور صوبائی حکومت کے کانوں پر جوں تک نہیں رینگ رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ گوادرسی پیک بلوچستان کی ملکیت ہے لیکن بلوچستان کے عوام اسکے فوائد سے محروم ہیں۔انہوں نے کہا کہ گوادر سی پیک کے تحت آنے والے فنڈز سے ملک بھر میں ترقیاتی کام ہوئے لیکن بلوچستان کوئی ترقیاتی کام نہیں ہوا جو یہاں کے عوام کے ساتھ زیادتی کے مترادف ہے۔ انہوں نے کہا کہ و فاقی حکومت فوری طور پر بلوچستان کی ساحلی پٹی میں غیر قانونی ماہی گیری اور ٹرالنگ کے خاتمے کیلئے اقدامات اٹھائے غیر ضروری چیک پوسٹیں فوری طورپر ختم،گوادر کے عوام کو پینے کے صاف پانی کی فراہمی اورانکے دیگر جائز مسائل فوری طورپر حل کئے جائیں۔ انہوں نے کہا کہ بلوچستان امن جرگہ ”گوادر کو حق دو“ تحریک کے تمام جائز مطالبات کی مکمل حمایت کرتا ہے اور وفاقی و صوبائی حکومت سے مطالبہ کرتاہے کہ گوادر کے عوام کے جائز مطالبات فوری طور پر حل کئے جائیں اورانہیں بنیادی سہولیات کی فراہمی کو یقینی بنایا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں