75فیصد دیہاڑی دار مزدور ہمارے پاس رجسٹرڈ ہی نہیں، وزیر اعظم عمران خان

اسلام آباد:وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن کھول رہے ہیں، تاہم اس میں وقت لگے گا 75 فیصد دیہاڑی دار مزدور ہمارے پاس رجسٹرڈ ہی نہیں، ایسے لوگوں کی وجہ سے ہی لاک ڈاؤن نہیں لگانا چاہتا تھا۔ملک میں کورونا وائرس کے مریضوں کی نشاندہی کیلئے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی طرف جا رہے ہیں۔ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم سے کورونا وائرس میں مبتلا مریضوں اور مقامات کی نشاندہی ہوگی۔ تفصیلات کے مطابق جمعہ کو اسلام آباد میں ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں کیساتھ ملاقات کے دوران گفتگو کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم سے کورونوائرس میں مبتلا مریضوں اور مقامات کی نشاندہی ہوگی۔مخالفین پر تنقید کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کرپشن کا پیسہ بنانے والے آزاد میڈیا سے خوف کھاتے ہیں۔ تاہم کوئی کتنا بھی جھوٹ بولے، بالاخر عوام سچ ڈھونڈ لے گی۔انہوں نے ڈیجیٹل میڈیا کے صحافیوں کو بتایا کہ پی ٹی آئی پاکستان میں سب سے پہلے سوشل میڈیا استعمال کرنے والی جماعت ہے۔ 30اکتوبر 2011 کو تحریک انصاف کے جلسے کے بعد مخالفین میں خوف پیدا ہوا اور 2012 میں میڈیا پر پیسے کا استعمال شروع ہوا۔ان کا کہنا تھا کہ اللہ نے مشکلات میں راستے نکالنے کی صلاحیت انسان میں رکھی ہے۔ ٹیلی ایجوکیشن سسٹم سے ان علاقوں میں تعلیم پہنچی جہاں کوئی نظام نہیں تھا۔پاکستان میں کورونا وائرس کی صورتحال کے حوالے سے وزیر اعظم نے کہا کہ یہ وبا کب ختم ہوگی، کوئی بھی اس بارے میں نہیں کہہ سکتا۔ یہ وائرس پوری دنیا کے لئے ایک بڑا امتحان ہے۔ تاہم ترقی پذیر اور ترقی یافتہ ممالک میں کورونا کے مسائل مختلف ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بیرون ملک پاکستانیوں سے ترسیلات زر رک گئی ہیں۔ آئی ایم ایف کی جانب سے قرضوں کی ادائیگی میں ریلیف دیا گیا۔ ملکی صورتحال کے پیش نظر آہستہ آہستہ لاک ڈاؤن کھول رہے ہیں، تاہم اس میں وقت لگے گا۔ ہم آئی ایس آئی اور دیگر ایجنسیوں کی مشاورت سے آرٹیفیشل انٹیلی جنس سسٹم کی طرف جا رہے ہیں، اس سے مریضوں اور جگہوں کی نشاندہی ہو سکے گی۔

اپنا تبصرہ بھیجیں