بارشوں کی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے گوادر اور کیچ میں فور ی طور پر مشنری بھجوائی جائے،جمال شاہ کاکڑ

کوئٹہ: پاکستان مسلم لیگ(ن) کے صوبائی صدر و سابق اسپیکر جمال شاہ کاکڑ نے گوادر اور کیچ میں شدید بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات پر افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ شدید بارشوں کی پیش گوئی کے باوجود حکومت کے تیاری نہ کرنے کی وجہ سے بارشوں سے مالی نقصانات ہوئے ہیں حکومت کو چاہیے کہ وہ فور ی طور پر گوادر اور کیچ میں ریلیف کے اقدامات اٹھائے او ر نقصانات کا ازالہ کرے، یہ بات انہوں نے اپنے ایک بیان میں کہی انہوں نے کہا کہ کیچ او ر گوادرمیں گزشتہ کئی روز سے شدید بارشوں کی وارننگ جاری کی جارہی تھی مگر اس سے قبل پیشگی انتظامات نہیں کئے گئے جسکی وجہ سے دونوں اضلاع بارشوں سے سیلابی پانی میں ڈوب گئے ہیں انہوں نے کہا کہ رابطہ سڑکیں کئی کئی گھنٹوں بند رہیں جبکہ متعدد علاقوں میں رات گئے تک ریلیف کا کام شروع نہیں کیاگیا جسکی وجہ سے عوام شدید مشکلات کا شکار ہیں انہوں نے کہا کہ گوادر اور کیچ میں فوری طور پر ریلیف کے کاموں کا نہ صرف آغاز کیا جائے بلکہ وہاں املاک کو پہنچنے والے نقصانات کا تخمینہ لگا کر عوام کو فور ی طور پر معاوضہ ادا کیا جائے انہوں نے کہا کہ آئندہ چند روزتک بارشوں کی پیش گوئی کو مد نظر رکھتے ہوئے گوادر اور کیچ میں فور ی طور پر مشنری بھجوائی جائے تاکہ مزید نقصانات سے بچا جا سکے

اپنا تبصرہ بھیجیں