قازقستان میں مظاہرین نے فوجی ٹرک کی مدد سے سابق صدر نذر بائیف کا مجسمہ گرا دیا‘ ویڈیو وائرل

نور سلطان : قازقستان میں بدامنی عروج پر پہنچ چکی ہے، ایل پی جی قیمتوں پر احتجاج شروع کرنے والے مظاہرین نے پْر تشدد کارروائیاں بھی شروع کر دیں، مظاہرین نے سابق صدر نور سلطان نذر بائیف کا مجسمہ بھی گرا دیا۔تفصیلات کے مطابق قازقستان میں حکومت کے خلاف مظاہرے عروج پر ہیں، مظاہرین تالدے کورگن شہر میں سابق صدر نذر بائیف کے مجسمے کو دو دن سے گرانے کی کوششیں کر رہے تھے، آخر کار انھوں نے ایک فوجی ٹرک استعمال کرتے ہوئے مجسمہ زمیں بوس کر ہی دیا۔ٹوئٹر پر مختلف ویڈیوز کے ساتھ تبصروں میں کہا گیا ہے کہ خود ساختہ بابائے قوم نور سلطان نذر بائیف کے مجسمے کو آخر کار منہدم کر دیا گیا ہے۔واضح رہے کہ 2019 میں حکومت مخالف احتجاج کے پیش نظر نور سلطان نذر بائیف نے اقتدار چھوڑ دیا تھا، تاہم انھوں نے اپنے عہدے سے مستعفی ہو کر قاسم جومارت توقایئف کو جانشین منتخب کیا، جو ایک متنازع انتخاب کے بعد صدارت کا عہدہ سنبھالے ہوئے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں