نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کے ملزمان کو ریلیف ملنا شروع

قومی احتساب بیورو :ترمیمی آرڈیننس کے تحت جعلی اکاؤنٹس اسکینڈل کے ملزمان کو ریلیف ملنا شروع ہوگیا۔اسلام آباد کی احتساب عدالت نے جعلی بینک اکاؤنٹس باغ ابن قاسم کیس میں دو سال سے قید سابق ڈی جی پارکس کراچی لیاقت قائمخانی کی 10 لاکھ روپے کے مچلکوں پر ضمانت منظور کر لی۔احتساب عدالت کے جج محمد بشیر نے لیاقت قائم خانی کی ضمانت منظور کرنے کا تحریری فیصلہ جاری کیا۔ عدالتی فیصلے میں کہا گیا ہے کہ لیاقت قائمخانی کا پاسپورٹ ضبط اور نام ای سی ایل میں شامل کیا جائے۔فیصلے کے مطابق لیاقت قائمخانی کے شریک ملزمان ٹرائل بروقت مکمل نہ ہونے پر ضمانت لے چکے ہیں، ٹرائل مکمل نہ ہونے کی کئی وجوہات ہیں جن کے ذمہ دار لیاقت قائمخانی نہیں لہٰذا نیب ترمیمی آرڈیننس کے تحت درخواست ضمانت منظور کی جاتی ہے۔ سابق ڈی جی پارکس کے ایم سی لیاقت قائم خانی پر آمدن سے زائد اثاثوں اور خورد برد سمیت دیگر الزامات ہیں، نیب حکام کے مطابق لیاقت قائم خانی کے گھر پر چھاپے کے دوران کروڑوں روپے مالیت کے زیورات، گاڑیاں اور دیگر اشیا بر آمد ہوئی تھیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں