قطر اور دیگر خلیجی ممالک پر حملوں کی مذمت کرتے ہیں، خطے میں امن و استحکام کیلئے مکالمے کو فروغ دینا ہوگا، وزیراعظم شہباز شریف
دوحہ (مانیٹرنگ ڈیسک) وزیراعظم شہباز شریف نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر اپنے بیان میں کہا کہ ان کی شیخ تمیم بن حمد آل ثانی، امیر قطر کے ساتھ دوحہ میں نہایت خوشگوار اور برادرانہ ملاقات ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ وہ پاکستان کے عوام کی جانب سے امیر قطر کے شکر گزار ہیں جنہوں نے غیر معمولی گرمجوشی اور فراخدلی کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستانی طیارے کے قطری فضائی حدود میں داخلے پر قطر کے لڑاکا طیاروں کے ذریعے اس کا استقبال کیا۔ وزیراعظم کے مطابق یہ اقدام قطر کی روایتی مہمان نوازی اور دونوں ممالک کے درمیان مضبوط تعلقات کا عکاس ہے، جس سے وہ بے حد متاثر ہوئے۔ ملاقات کے دوران دونوں رہنماﺅں نے خطے کی موجودہ صورتحال، خصوصاً خلیجی خطے میں پیش رفت پر تفصیلی تبادلہ خیال کیا۔ انہوں نے خطے میں امن و استحکام کے لیے کشیدگی کم کرنے، مکالمے کو فروغ دینے اور بین الاقوامی سطح پر قریبی تعاون کی اہمیت پر زور دیا۔ شہباز شریف نے قطر اور دیگر علاقائی ممالک کو نشانہ بنانے والے حملوں کی سخت مذمت کرتے ہوئے قطر کے عوام کے ساتھ مکمل یکجہتی کا اظہار بھی کیا۔ اس کے علاوہ دونوں ممالک کے درمیان دیرینہ تعلقات کا جائزہ لیا گیا اور سیکورٹی، دفاع اور توانائی سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ وزیراعظم نے کہا کہ یہ نہایت مثبت اور نتیجہ خیز ملاقات پاکستان اور قطر کے درمیان مضبوط اور دیرپا تعلقات کی عکاسی کرتی ہے۔


