پی ٹی آئی کے5 وزیر ہمارے ساتھ رابطے میں ہیں،احسن اقبال

اسلام آباد: مسلم لیگ ن کے سیکرٹری جنرل احسن اقبال نے دعوی کیا ہے کہ پاکستان تحریک انصاف کے 5 وزیر ٹکٹ کی یقین دہانی پر عمران خان کو چھوڑنے کو تیار ہیں۔یہ لوگ اپنے مستقبل کو حکومت کے ساتھ ڈبونا نہیں چاہتے۔یہ لوگ حکومت کی نااہلی کا بوجھ اٹھا اٹھا کر تنگ آ چکے ہیں۔ رہنما مسلم لیگ ن احسن اقبال نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کابینہ کے پانچ وزیر ن لیگ کے ساتھ رابطے میں ہیں۔پانچ ممبران ٹکٹ کی یقین دہانی پر عمران خان کو چھوڑنے کیلیے تیار ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کابینہ ارکان بتاتے ہیں کہ عمران خان جیسا ڈکٹیٹر اور یوٹرن لینے والا وزیراعظم پہلے نہیں دیکھا۔ان کا کہنا ہے کہ امید ہے تمام اتحادی جماعتیں حکومت کا ساتھ چھوڑ کر عوام کا ساتھ دیں گی۔اگر اتحادی جماعتوں نے حکومت کا ساتھ دیا تو ان کاحساب لیں گے۔23مارچ کو پورے ملک سے مزدور، کسان، کارکن اسلام آباد پہنچ رہے ہیں۔انہوں نے کہا ہے کہ عمران خان الیکشن سے پہلے لوگوں کے خلاف مقدمات بنارہے ہیں۔ پاکستان کرپشن میں 16 درجے گر کر 140 نمبر پر آ چکا ہے۔دوسری جانب پاکستان مسلم لیگ (ن)کی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان اپنی خیر منائیں ان کی کشتی ڈوب رہی ہے۔ عمران خان اور ان کی جماعت کو مخلصانہ مشورہ ہے کہ وہ عوام میں جائیں تو ہیلمٹ پہننا نہ بھولیں۔اپوزیشن جماعتوں کو پہلا مرحلہ تحریک عدم اعتماد، وزیراعظم کون ہوگا یہ باتیں بعد کی ہیں۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں پیشی کے بعد میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے ن لیگ کی نائب صدر کا کہنا تھا کہ عمران خان کی پارٹی ایسی نہیں جس میں کوئی آئیڈیالوجی ہو، نظریاتی لوگ ہوں یا کوئی کمٹمنٹ ہو، ہمیں پی ٹی آئی کی کشتی ڈوبتی نظر آرہی ہے، اس پارٹی میں شامل سب لوگ اقتدار کے خواہش مند ہیں جب اقتدار کی کشتی ڈوبے تو یہ لوگ کہیں نظر نہیں آئیں گے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں