سلیکٹڈ حکومت 18ویں ترمیم میں تبدیلی کیلئے آلہ کار بن رہی ہے،نیشنل پارٹی

کوئٹہ:نیشنل پارٹی نے پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے 18ترمیم اور نیشنل فنانش کمیشن ایوارڈ میں مبینہ تبدیلی پر گہری تشویش کا اظہار اورکسی بھی قسم کی تبدیلی کی شدید مخالفت کا اعلان کرتے ہوئے کہا ہے سلیکٹڈ حکومت 18ویں ترمیم میں تبدیلی کے لئے آلہ کار بن رہی ہے نیشنل پارٹی ملک گیر 18ویں ترمیم بچاؤ مہم اور تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کریگی، یہ اعلان نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر میر حاصل بزنجو، پارٹی صدر و سابق وزیراعلیٰ ڈاکٹر عبدالمالک بلوچ، سیکرٹری جنرل جان محمد بلیدی نے اپنے ایک مشترکہ بیان میں کیا، انہوں نے کہا کہ پی ٹی آئی کی قیادت ایک ایسے تاریخ ساز قانون میں تبدیلی کی بات کر رہی ہے جو پارلیمنٹ نے متفقہ طور پر اس لئے منظور کیا تھا کیونکہ اس قانون سے چھوٹے صوبوں کا احساس محرومی ختم کرنے میں مد د ملی تھی 18ویں ترمیم کے لئے تمام جماعتوں کے ارکان پارلیمنٹ نے دن رات محنت کی اور اسے حتمی شکل دی اس ترمیم سے چھوٹے صوبوں کا فائدہ ہونے کے ساتھ ساتھ ملک کے سب سے بڑے صوبے پنجاب کو بھی فائدہ پہنچا تھا، انہوں نے کہا کہ کچھ عناصر کو 18ویں ترمیم کی منظوری پسند نہیں آئی تھی جس کے بعد انہوں نے اس کے خلاف منفی پروپگینڈا شروع کردیا ساتھ ہی اس ترمیم پر عملدآمد میں روڑے اٹکائے گئے جو ہربار ناکام ثابت ہوئے،اب بھی وہ عناصر سلیکٹڈ حکومت کو استعمال کر کے فیڈریشن کو مضبوط اور صوبوں کو اپنے معاملات میں احساس حاکمیت و شرکت داری دینے والے تاریخی قانون کو رول بیک کرنے کی کوشش کر رہے ہیں انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی کا موقف ہے کہ ملک اس وقت سنگین دور سے گزر رہا ہے ایسے وقت میں 18ترمیم میں تبدیلی کے تباہ کن تنائج سامنے آئیں گے اور جو لوگ صوبوں کے حق میں کی گئی قانون سازی کو ختم کرنے کی کوشش کر رہے ہیں وہ ملک کے بد ترین دشمن کہلائیں گے، انہوں نے کہا کہ 18ویں ترمیم کے خلاف پی ٹی آئی قیادت کے بیانات اور میڈیا کمپئن سے یہ بات واضح ہوچکی ہے کہ سلیکٹڈ حکومت مرکز اور صوبوں کے درمیان ایک بہت بڑا خلاء اور تنازعہ پیدا کرنا چاہتی ہے۔انہوں نے کہا کہ نیشنل پارٹی پاکستان مسلم لیگ(ن)، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علماء اسلام، عوامی نیشنل پارٹی سمیت تمام سیاسی جماعتوں سے رابطے کر کے مشترکہ لائحہ عمل طے کریگی ہم جلد ہی ملک گیر 18ویں ترمیم بچاؤ کی تحریک بھی شروع کریں گے،انہوں نے کہا کہ میڈیا 18ویں ترمیم کے خلاف جاری مہم کا حصہ بننے سے گریز کرے نیشنل پارٹی کے مرکزی رہنماء سینیٹر میر حاصل بزنجو نے کہا کہ پارلیمنٹ کے اجلاس میں بھی اس حوالے سے آواز اٹھاتے ہوئے حکومت سے مطالبہ کریں گے کہ وہ 18ویں ترمیم پر اپنی پوزیشن واضح کرے

اپنا تبصرہ بھیجیں