پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا میں ٹرینڈ خواتین پٹواری دیکھنے کو ملیں گی
پشاور:وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے مال تاج محمد خان ترند نے صوبے کی واحد ریونیو اکیڈمی پشاور کا دورہ کیا جہاں پر نئے بھرتی ہونے والے مرد اور خواتین پٹواریوں کو پٹوار کورس سمیت انفارمیشن ٹیکنالوجی اور جیوگرافک انفارمیشن سسٹم کی ٹریننگ دی جاتی ہے۔ وزیراعلی خیبرپختونخوا کے معاون خصوصی برائے مال نے ریونیو اکیڈمی کے مختلف سیکشن کا دورہ کرتے ہوئے ضروری ریکارڈ اور مختلف ٹریننگ لیب کے بھی معائنے کئے۔ پراجیکٹ ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈز سردار اسد ہارون نے وزیر اعلی کے معاون خصوصی برائے مال تاج محمد خان ترند کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا کہ پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار بھرتی کردہ خواتین پٹواری کی تربیت اگلے مہینے مارچ میں مکمل ہو جائے گی جس کے بعد پاکستان کی تاریخ میں پہلی بار خیبرپختونخوا میں ٹرینڈ خواتین پٹواری دیکھنے کو ملیں گی۔ اس موقع پر ڈائریکٹر لینڈ ریکارڈز خالد خان، ڈائریکٹر لینڈ سیٹلمنٹ ضم شدہ اضلاع بلال شاہد راؤ، ڈائریکٹر ایڈمن اکبر زمان گنڈاپور اور دیگر حکام بھی موجود تھے۔ معاون خصوصی تاج محمد خان ترند نے زیر تربیت مرد اور خواتین پٹواریوں کے بنائے گئے فرد، انتقالات اور نقشہ جات کے نمونے چیک کئے۔ تاج محمد خان ترند نے کہا کہ 120 مرد اور خواتین پٹواریوں کا نیا بیچ بہت جلد شروع کیا جائے گا اور نئے ٹرینڈ مرد اور خواتین پٹواریوں کو سروس ڈیلوری سنٹرز میں ایڈجسٹ کیا جائے گا تاکہ عوام کو محکمہ مال کی جانب سے زیادہ سے زیادہ سہولیات دی جا سکیں۔ معاون خصوصی نے کہا کہ وزیراعلی خیبرپختونخوا کی حصوصی ہدایات کی روشنی میں پٹوار ٹریننگ کورس میں خواتین کو بیس فیصد کوٹہ دینا خوش آئند بات ہے۔معاون خصوصی برائے مال تاج محمد خان ترند کو بریفینگ دیتے ہوئے بتایا گیا کہ صوبے کے 19 اضلاع میں قائم ہونے والی 58 تحصیلوں کے سروس ڈیلوری سنٹرز میں سے 46 فعال ہو چکے ہیں جبکہ باقی ماندہ 12 اسی سال مکمل کیے جائینگے۔ معاون خصوصی تاج محمد خان ترند کا کہنا تھا کہ وزیراعظم عمران خان کے وژن اور وزیراعلی محمود خان کی ہدایات کی روشنی میں اب عوام کو ایک ہی چھت کے نیچے فردات، انتقالات، انتقال کی تصدیق، ریکارڈ کی درستگی، رجسٹری اندراج اور دیگر سہولیات فراہم کی جا رہی ہیں اور اب مہینوں کا کام دنوں اور گھنٹوں میں ہو رہا ہے۔


