ملکی معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہے،شاہ محمود قریشی
دبئی: وزیرخارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا ہے کہ ہماری معیشت استحکام کے راستے پر گامزن ہے، اور 5.37 فیصد گروتھ کے ساتھ آگے بڑھ رہی ہے۔
دبئی میں پاکستانی کمیونٹی سے خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ شاہ محمود قریشی کا کہنا تھا کہ جو ملک معاشی طور پر مستحکم نہ ہوں تو دنیا ان کی بات کو سنتی ضرور ہے لیکن توجہ نہیں دیتی، ہم نے اسی وجہ سے جغرافیائی اقتصادی ترجیحات پر توجہ مرکوز کی ہے، ہماری خواہش ہے کہ ہم اپنی جغرافیائی پوزیشن کو بروئے کار لاتے ہوئے پاکستان کو اقتصادی مرکز بنانے میں کامیاب ہو سکیں۔
وزیرخارجہ کا کہنا تھا کہ حکومت پاکستان پہلی دفعہ اتفاق رائے سے ایک سیکیورٹی پالیسی کا مسودہ سامنے لائی ہے، اس سیکورٹی پالیسی کا محور معاشی استحکام ہے، اس میں پاکستان کا آبی تحفظ اور فوڈ سیکورٹی بھی شامل ہے، آج بھارت سندھ طاس معاہدے پر کبھی عمل کرتا ہے اور کبھی نہیں کرتا، ہمارے سفارت کاروں کو اقتصادی سفارت کاری کی ذمہ داری سنبھالنا ہوگی، اقتصادی سفارت کاری محض درآمدات، برآمدات تک محدود نہیں بلکہ یہ ایک جامع تصور ہے، ہم نے سفراء کی کارکردگی جانچنے کے پیمانوں میں اسے شامل کر دیا ہے۔


