ایف آئی آربے بندیاد،مخالفین کوسیاست چمکانے کیلئے کوئی اور طریقہ اپنا نا چاہیے،عاصم کرد گیلو

کوئٹہ :بلوچستان عوامی پارٹی کے سینئرنائب صدر اور سابق صوبائی وزیر میر عاصم کرد گیلو نے کہا ہے کہ ان کے خلاف چاق کی گئی ایف آئی آر بے بنیاد ہیں، مخالفین کو سیاست چمکانے کے لئے کوئی اور طریقہ کار اپنانا چاہیے، وہ بولان کی عوام کی جانب سے مسترد کئے گئے ہیں، قومی شاہراہوں کی بندش سے عام عوام اور مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا ہے حکومت ان لوگوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائے جن کی ایماء پر اس طرز کا احتجاج کیا گیا ہے۔ اسلام آباد سے میڈیا نمائندوں کے ساتھ ٹیلی فونک بات چیت کرتے ہوئے انہوں نے الزام عائد کیا کہ تحریک انصاف کے رکن صوبائی اسمبلی کی ایماء پر بولان میں قومی شاہراہ بند کردیا گیا جس سے مسافروں خاص کر خواتین اور بچوں کو سخت مشکلات درپیش آئیں جو قابل مذمت ہیں، سانحہ گوٹھ اعوان کے حوالے سے ایف آئی آر میرے اور میرے ساتھیوں کے خلاف درج کی گئی ہے جو بے بنیاد ہیں، واقعہ کے روز میں خود اسلام آباد میں تھا جس کے ثبوت میرے پاس موجود ہیں، تحریک انصاف کے رکن اسمبلی کو یہ معلوم نہیں کہ وہ کیا کررہے ہیں کبھی وہ کہتے ہیں کہ اعوان گوٹھ کے مکین ان کے ووٹرز ہیں تو کبھی اس سے بھی انکار کرتے ہیں اورکہتے ہیں کہ انہیں ووٹ نہیں ملا، ان کی جانب سے جس طرح حکومتی حکام اور اداروں کو دھمکایا جارہا ہے جوقابل گرفت عمل ہے۔ انہوں نے کہاکہ ان کا کیس عدالت میں زیر سماعت ہے اور انہیں عدلیہ سے انصاف کی توقع ہے۔ انہوں نے کہا کہ حکومت مسافروں کو تکلیف دینے اور غیر قانونی طور پر قومی شاہراہ کو بند کرنے والے ان افراد کے خلاف کارروائی عمل میں لائے جن کی ایماء پر مسافروں کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف کے رکن اسمبلی اپنی کارکردگی کی بناء پر اپنی پارٹی صدارت اور وزارت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، مخالفین کو چاہیے کہ وہ سیاست کے لئے کوئی اور طریقہ کار اپنائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں