کوئٹہ کراچی شاہراہ کی تعمیر کے نام پر کرپشن

خضدار (نمائندہ انتخاب) کوئٹہ کراچی قومی شاہراہ پر تعمیرات کے نام پر کرپشن بڑے بڑے کھڈے این ایچ اے کی غفلت، حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ۔بین الاقوامی اہمیت کے حامل قومی شاہراہ کئی مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار تعمیرات کا کام تاحال نامکمل مرمت میں ناقص میٹریل کا استعمال نیشنل ہائی وئے اتھارٹی حکام نے قومی شاہراہ کو مرمت کے نام پر مختلف مقامات سے ادھیڑ کر تباہ کردیا، یومیہ کروڑوں روپے ٹول ٹیکس ادا کرنے والے مسافروں کے لئے روڈ پر سفر کرنا مزید دشوار۔لاپرواہ ادارے کی غفلت، کئی موٹر سائیکل سوار خونخوار گڑھوں کے شکار بن کر حادثات میں اپنے قیمتی اعضاء سے محروم۔وزیر اعلیٰ بلوچستان، ایم این اے خضدار، ایم پی اے خضدار، ڈپٹی کمشنر خضدار سمیت اعلیٰ حکام سے نوٹس لیں عوامی حلقوں کی اپیل بین الاقوامی اہمیت کے حامل قومی شاہراہ پر موت کا رقص دھڑلے سے جاری ہے، این ایچ اے کی غفلت سے کوئٹہ ٹو کراچی روڈ پر حادثات میں خطرناک حد تک اضافہ ہوچکا ہے، قومی شاہراہ باجوڑی گراس سے توتک کراس تک اور انجیرہ زہری کراس سے حاجیکا جمپ سوراب ایریا تک کئی مقامات سے ٹوٹ پھوٹ کا شکار ہوچکا ہے، واضح رہے کہ نااہل این ایچ اے حکام نے باجوڑی گراس تا سمبان موڑ سمیت توتک کراس تک 3 سے 4 فٹ کے لمبے چند گڑھوں کو مرمت کرنے کی غرض سے 5 کلو میٹر سے زائد صحیح سالم روڈ کو ادھیڑ کر تباہ کردیا ہے، یومیہ کروڑوں روپے ٹول ٹیکس ادا کرنے والے مسافروں کے لئے روڈ پر سفر کرنا اب انتہائی دشوار ہوچکا ہے، زرائع کے مطابق باجوڑی کراس سے سمبان موڑ تک روڈ کی مرمت میں ناقص میٹریل استعمال کیا گیا ہے، مذکورہ مقام سے دوبارہ روڈ کی خراب ہونے کا خدشہ ہے، سمبان موڑ سے توتک کراس تک 4 ماہ سے زائد عرصہ گزرنے کے بعد بھی تاحال روڈ کی مرمت کا کام شروع نہیں کیا گیا ہے، اسیطرح انجیرہ زہری کراس کے مقام پر روڈ کی مرمت کا کام انتہائی سست روی کا شکار ہے، جبکہ حاجیکا چمپ سوراب کے مقام سے روڈ کی مرمت کا کام تاحال شروع نہیں کیا جاسکا ہے، ادارے کی غفلت سے اب تک کئی موٹر سائیکل سوار خونخوار گڑھوں کے شکار بن کر مختلف حادثات میں اپنے قیمتی اعضاء سے محروم ہوچکے ہیں۔ وزیر اعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو، ڈپٹی کمشنر خضدار سمیت دیگر اعلیٰ حکام سے اپیل ہے کہ روزانہ ٹول ٹیکس کے مد میں کروڑوں روپے ہڑپنے والے این ایچ اے کے خلاف سخت تادیبی کارروائی کرکے قومی شاہراہ کے تباہ شدہ حصوں کو جلد از جلد معیاری میٹریل سے مرمت کرواکے پایہ تکمیل تک پہنچائیں ۔

اپنا تبصرہ بھیجیں