کرتارپورمیں پاکستان اوربھارت میں منقسم ایک اورخاندان کی 75 سال بعد ملاقات

لاہور: کرتارپورراہداری کے ذریعے 75 سال بعد پاکستان اور بھارت میں منقسم ایک اور خاندان کی ملاقات ہوئی ہے، دونوں خاندانوں کے افراد کی ملاقات میں رقت انگیز مناظر دیکھنے میں آئے۔
پنجاب کے ضلع ننکانہ صاحب کے محلہ مانانوالہ کے رہائشی شاہد رفیق مٹو نے اپنے خاندان سمیت کرتارپور صاحب میں بھارت سے آئے رشتے داروں سے ملاقات کی ہے، دونوں خاندان کی 1947 کے بعد یہ پہلی ملاقات تھی۔
شاہد رفیق مٹو نے بتایا کہ ان کے مرحوم دادا اقبال مسیح 1947 میں خاندان کے بعض افراد کے ساتھ پاکستان آگئے تھے جبکہ ان کے دادا کے بھائی بخشیش مسیح اور عنایت مسیح بھارت میں ہی رہ گئے تھے۔
انہوں نے بتایا کہ عنایت مسیح 25 سال قبل پاکستان آئے تھے لیکن خاندان کے دیگر افراد سے ملاقات نہیں ہوسکی تھی جبکہ دادا اوران کے دونوں بھائی بھی فوت ہوچکے ہیں لیکن آخر کار ان کے خاندانوں کی ملاقات ہوگئی۔
شاہد رفیق کے مطابق ان کے خاندان کے لوگ شاہ پورڈوگراں تحصیل انجالہ امرتسر میں مقیم ہے، ان کے کزن سونومٹوسمیت خاندان کے 6 لوگ کرتارپور راہداری کے راستے دربارصاحب آئے تھے جبکہ ان سمیت خاندان کے 8 لوگ مانانوالہ سے وہاں گئے تھے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں