ژوب میں مسافر بس حادثہ، حکومت بلوچستان متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن معاونت فراہم کریگی، معاون وزیراعلیٰ
کوئٹہ (یو این اے) معاون وزیراعلی بلوچستان برائے سیاسی و میڈیا امور شاہد رند نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے سرحدی علاقے دانہ سر میں پیش آنے والے المناک مسافر بس حادثے پر گہرے دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ابتدائی اطلاعات کے مطابق حادثے میں 40 افراد جاں بحق جبکہ 8 افراد زخمی ہوئے ہیں۔انہوں نے کہا کہ حادثے کی اطلاع ملتے ہی وزیر اعلی بلوچستان میر سرفراز بگٹی کی ہدایت پر ان کے اسٹاف افسر سید امین نے بلوچستان اور خیبرپختونخوا کے متعلقہ اضلاع کی انتظامیہ سے فوری رابطہ کیا، جس کے بعد ریسکیو اور امدادی کارروائیاں شروع کر دی گئیں۔ دونوں صوبوں کی ضلعی انتظامیہ، ریسکیو ادارے اور متعلقہ محکمے زخمیوں کو طبی امداد کی فراہمی اور متاثرہ افراد کی مدد میں مصروف ہیں۔شاہد رند نے بتایا کہ ابتدائی معلومات کے مطابق حادثے کا شکار بس میں اپنے مسافروں کے علاوہ ایک خراب ہونے والی دوسری مسافر بس کے مسافر بھی سوار تھے، جس کے باعث گاڑی میں معمول سے زیادہ افراد موجود تھے۔انہوں نے کہا کہ ضلعی انتظامیہ حادثے کی وجوہات کا تفصیلی جائزہ لے رہی ہے، جبکہ جاں بحق افراد کی شناخت، زخمیوں کے علاج اور متاثرہ خاندانوں کی ہر ممکن معاونت کو یقینی بنایا جا رہا ہے۔معاون وزیر اعلی نے کہا کہ حکومت بلوچستان اس المناک سانحے پر جاں بحق افراد کے لواحقین کے غم میں برابر کی شریک ہے اور ان سے دلی تعزیت و ہمدردی کا اظہار کرتی ہے۔ انہوں نے زخمیوں کی جلد صحت یابی کی دعا کرتے ہوئے کہا کہ حکومت متاثرہ خاندانوں کو ہر ممکن تعاون فراہم کرے گی اور حادثے کی مکمل تحقیقات کے بعد حقائق عوام کے سامنے لائے جائیں گے۔


