جیونی میں کوسٹ گارڈز کی چیک پوسٹ پر خودکش حملہ، 4 اہلکار شہید، 16 زخمی ہوگئے، پولیس
ویب ڈیسک : جیونی پولیس کے مطابق ضلع گوادر کے ساحلی علاقے پانوان، جیونی میں پاکستان کوسٹ گارڈز کی چوکی پر خودکش گاڑی کے ذریعے بم حملہ کیا گیا، جس کے نتیجے میں پاکستان کوسٹ گارڈز کے 3 اہلکار اور فوج کا ایک جوان شہید جبکہ 16 اہلکار زخمی ہوگئے، جن میں ایک کی حالت تشویشناک بتائی جاتی ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق حملہ جمعہ کی شام تقریبا 7 بجے اس وقت کیا گیا جب دھماکا خیز مواد سے بھری ایک گاڑی تیز رفتاری سے پاکستان کوسٹ گارڈز کی چوکی کی مرکزی عمارت سے ٹکرا دیا گیا۔ زور دار دھماکے کے باعث چوکی کی عمارت کا بڑا حصہ منہدم ہو گیا، جبکہ دھماکے کی آواز دور دور تک سنی گئی اور علاقے میں دھوئیں کے بادل چھا گئے۔اطلاعات کے مطابق چوکی پر پاکستان کوسٹ گارڈز کی تھرڈ بٹالین اور پنجاب رجمنٹ کی 32 یونٹ کے مجموعی طور پر 20 اہلکار تعینات تھے۔ یہ چوکی جیونی شہر سے تقریبا 10 کلومیٹر دور ساحلی پٹی کی نگرانی کے لیے اہم مقام پر قائم تھی۔واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈسٹرکٹ پولیس گوادر، فرنٹیئر کور اور دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں، جنہوں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر ریسکیو اور سرچ آپریشن شروع کر دیا۔ زخمی اہلکاروں کو فوری طور پر جیونی اور گوادر کے ہسپتالوں میں منتقل کیا گیا، جبکہ شدید زخمی اہلکار کو مزید علاج کے لیے گوادر منتقل کر دیا گیا ہے۔سیکیورٹی اداروں نے حملے کی تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ علاقے میں سیکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے۔


