قومی سلامتی کیلئے اہم ترین جز انسانی سلامتی ہے، بشریٰ رند، ثناء بلوچ و دیگر کا خطاب
کوئٹہ:بلوچستان کے سیاسی رہنماؤں، سرکاری حکام اور صحافیوں نے کہا ہے کہ قومی سلامتی کے لئے اہم ترین جز انسانی سلامتی ہے ملک بلخصوص بلوچستان میں برابری کی بنیادپر ترقی اور ترجیحات کے تعین سے قومی سلامتی کو مزید مضبوط کیا جا سکتاہے، قومی سلامتی پر بحث اور تمام طبقات کو اعتماد میں لیا جا نا چاہیے، صوبے میں گڈ گورننس،میرٹ کو فروغ دینا ناگزیر ہوچکا ہے،یہ بات پارلیمانی سیکرٹری سماجی بہبود و اطلاعات بشریٰ رند، رکن صوبائی اسمبلی ثناء بلوچ، سینئر صحافی سلیم شاہد، سرکاری افسران راشد رزاق، عبداللہ خان، صحافی ظفر بلوچ نے جمعرات کو بیوٹمز میں بلوچستان کونسل فار پیس اینڈ پالیسی کے زیر اہتمام قومی یکجہتی اور بلوچستان کے معاشی مستقبل کے حوالے سے منعقدہ سیمینار سے خطاب کرتے ہوئے کہی اس موقع پر وائس چانسلر بیوٹمز احمد فارق بازئی، ڈاکٹر میر سادات سمیت دیگر بھی موجود تھے۔مقررین نے کہا کہ بلوچستان اس وقت بد ترین غربت اور ترقیاتی ابتری کا شکار ہے صوبے میں عوام ترقی اور بنیادی سہولیات سے محروم ہیں عالمی رپورٹوں کے مطابق بلوچستان خطے کے پسماندہ ترین علاقوں میں سے ایک ہے ایسی صورتحال میں صوبے میں عدم مساوات، انسانی بہبود، ترقیاتی مسائل کو نہ صرف جانچنے بلکہ انکا دیرپا حل نکالنے کی بھی ضرورت ہے، مقررین نے کہا کہ بلوچستان میں دہشتگردی میں بیرونی عناصر ملوث رہے ہیں کلبوشن یادیو کی صوبے سے گرفتاری اس بات کا ثبوت ہے کہ یہاں بیرون ملک سے دہشتگردی پھیلائی گئی ایسی صورتحال میں ہمیں ایک قوم بن کر دہشتگردی کا نا صرف مقابلہ کرنا ہے بلکہ اسے شکست بھی دینی ہو گی انہوں نے کہا کہ سیکورٹی کے مسائل کی وجہ سے نہ صرف امن و امان بلکہ ترقیاتی عمل بھی بری طرح متاثر ہوا ہے امن و امان ترقی کیلئے اہم ترین جز ہے ہمیں صوبے میں بنیادی سہولیات کی فراہم، تعلیم کے شعبوں میں کام کر نے کی ضرورت ہے تاکہ پڑھے لکھے نوجوان صوبے کی ترقی میں اپنا کردار ادا کریں مقررین نے کہا کہ قومی یکجہتی کے لئے میرٹ، قانون کی بالا دستی، احتساب اہم ہیں پاکستان میں گزشتہ کچھ عرصے میں بہت ترقی ہوئی مگر اس میں توازن کا خیال نہیں رکھا گیا انہوں نے کہا کہ قومی یکجہتی اور ہم آہنگی کے لئے ہمیں ایمانداری سے کام کرنے کی ضرورت ہے ساتھ ہی قومی یکجہتی سے متعلق آگاہی بھی فراہم کی جائے تاکہ ہم مختلف طبقات کے بجائے ایک قوم بن کر ابھریں۔سیمینار میں سابق سیکرٹری محفوظ علی خان، ڈاکٹر منظور احمد، عامر ظفر درانی، پروفیسر اقدس افضل نے بلوچستان کے معاشی مستقل کے موضوع پر شرکاء کو آگاہ کیا۔


