ترین گروپ کا حکومتی شخصیات سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ

اسلام آباد: ذرائع کا کہنا ہے کہ حکومتی وزرا کی کوششوں کے باوجود ترین گروپ نے حکومتی شخصیات سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

روٹھوں کو منانے کی حکومتی کوششیں ناکام ہوتی نظر آرہی ہیں، کیوں کہ حکومت کی جانب سے ترین گروپ کے ارکان کو منانے کی حکومتی کوششیں رنگ نہیں لا سکیں، حکومتی سطح پر ہرطرح سے ارکان سے رابطے کرنے کی کوششیں کی جارہی ہیں، تاہم ذرائع کا کہنا ہے کہ گروپ کے ارکان نے حکومت شخصیات سے ملاقات نہ کرنے کا فیصلہ کرلیا ہے۔

ذرائع نے بتایا کہ گورنر سندھ عمران اسماعیل نے لندن میں زیر علاج تحریک انصاف کے ناراض رہنما جہانگیر ترین کو فون بھی کیا، لیکن فون کال آنے کے باوجود دونوں رہنماؤں کے مابین کوئی خاص بات نہیں ہوئی، اور گورنر سندھ کی جانب سے رابطے کی کوشش کے باوجود ملاقات بھی طے نہ ہوسکی۔ جب کہ دوسری جانب حکومت مخالف حکمت عملی رکھنے والی شخصیات کی ترین گروپ سے ملاقاتیں ہو رہی ہیں، حمزہ شہباز بھی گروپ کے ارکان سے ملاقات کرچکے ہیں۔

ذرائع کا کہنا ہے کہ جہانگیر ترین گروپ حکومت مخالف اسٹینڈ لے چکا ہے، اور اس میں شامل ایم این ایز اپوزیشن کے ساتھ کھڑے ہو چکے ہیں، اور ترین گروپ نے حکومتی شخصیات سے ملاقات نہ کرنے کا حتمی فیصلہ کرلیا ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں