سپریم کورٹ میں تحریک عدم اعتماد سے متعلق درخواست فوری سماعت کےلیے مقرر
اسلام آباد: چیف جسٹس آف پاکستان نے تحریک عدم اعتماد اور ڈی چوک پر جلسے و لانگ مارچ سے متعلق سپریم کورٹ بار ایسوسی ایشن کی درخواست فوری سماعت کے لئے مقررکردی۔
کیس کی سماعت سپریم کورٹ میں آج دوپہر ہوگی اور چیف جسٹس عمرعطاء بندیال اورجسٹس منیب اختر پر مشتمل دورکنی بنچ سماعت کرے گا۔ سپریم کورٹ نے اٹارنی جنرل پاکستان ،آئی جی اسلام آباد ،سیکرٹری داخلہ اور صدرسپریم کورٹ بارکو نوٹس جاری کردیا۔
ادھر ترجمان سپریم کورٹ نے کہا ہے کہ چیف جسٹس نے سندھ ہاؤس پر حملے کاکوئی سوموٹو نوٹس نہیں لیا۔ سپریم کورٹ بار کے صدر نے پٹیشن فائل کی ہے اس پر سماعت ہو گی۔واضح رہے کہ گزشتہ روز چیف جسٹس عمر عطا بندیال نے یہ درخواست پیر کو سماعت کے لیے مقرر کی تھی لیکن پھر آج اچانک فوری سماعت کےلیے مقرر کردی۔
سپریم کورٹ بار نے آئینی پیٹیشن میں کہا ہے کہ اسپیکر قومی اسمبلی کو آئین کے مطابق تحریک عدم اعتماد پر کارروائی کی ہدایت کی جائے ، حکومتی اداروں کو ارکان قومی اسمبلی کو گرفتار یا نظر بند کرنے سے روکا جائے ،اسلام آباد میں ایسے عوامی اجتماع سے روکا جائے جس سے ارکان اسمبلی کے قومی اسمبلی پہنچنے میں رکاوٹ ہو۔


