اپوزیشن غیرجمہوری طریقوں سے عمران خان کو نہ ہٹائے، اپنی سیاست کرے، فواد چوہدری

وفاقی وزیراطلاعات فواد چوہدری نے کہا ہے کہ اپوزیشن غیرجمہوری طریقوں سے عمران خان کو نہ ہٹائے اور اپنی سیاست کریں، یہ حق عوام کو حاصل ہے کہ وہ کس کا انتخاب کرتے ہیں۔اسلام آباد میں فواد چوہدری نے میڈیا سے گفگتو کرتے ہوئے کہا کہ جو بھی مسائل ہیں ان پر بات چیت ہونی چاہیے، میں نے پہلے بھی کہا تھا کہ اتنی تلخیاں پیدا نا کریں کہ ساتھ بیٹھنا ہی مشکل ہوجائے، تلخیاں بڑھ رہی ہیں جنہیں کم ہونا چاہیے۔انہوں نے کہا کہ منحرف اراکین پر پولیس پہرہ دے رہی ہے، ایک دو افراد نے تو ہمیں فون کرکے بھی بتایا کہ ہمیں باہر نہیں نکلنے دیا جارہا۔ان کا کہنا تھا کہ پی ٹی آئی کے منحرف اراکین میں سے ایک کے بھائی نے کال کرکے بتایا کہ ہمارا بھائی سندھ ہاؤس میں قید ہے، اسے وہاں سے چھڑائیں، انہوں نے وہاں پر بندشیں لگائی ہوئی ہیں۔انہوں نے کہا کہ یہ 1985/1988 والا دور نہیں ہے، اب جو بھی عمران خان کو دھوکا دے گا وہ بے آبرو ہوگا اور اس کی ٹکے کی عزت نہیں رہے گی۔انہوں نے کہا کہ مجھے لگ رہا ہے کہ اپوزیشن نے انہیں پیسے زیادہ دے دیے ہیں، یہ نا ہو کہ واپس لوٹنے پر ان سے پیسے واپس مانگ لیے جائیں۔وزیراطلاعات نے کہا کہ استعفی دیکر یہ لوگ جس کو چاہیں ووٹ دیں لیکن یہ نہیں ہوسکتا کہ آپ عمران خان کے نام پر ووٹ لیں اور پھر لوٹے بن کر خود کو بیچنا شروع کردیں، میں اب بھی کہنا چاہتا ہوں کہ توبہ کا دروازہ ہمیشہ کھلا ہوتا ہے، یہ لوگ واپس آجائیں۔فواد چوہدری نے کہا کہ اگر کسی کو لگتا ہے کہ عمران خان کو بلیک میل کیا جاسکتا ہے تو یہ غلط فہمی دور کرلیں، عمران خان نے کسی سے بلیک میل نہیں ہونا.سندھ ہاؤس میں جو کچھ ہوا اس کے لیے پی ٹی آئی نے کوئی احکامات جاری نہیں کیے تھے، ایسا واقعہ پیش نہیں آنا چاہیے تھا لیکن اس کے ذمہ دار ان لوگوں کا اپنا رویہ ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں