نئے آرمی چیف کے تقرر کے فیصلے کیخلاف سب سے خطرناک آواز میری ہوگی، عامر لیاقت
کراچی (مانیٹرنگ ڈیسک) پاکستان تحریک انصاف کے ناراض رکن قومی اسمبلی ڈاکٹر عامر لیاقت نے وزیراعظم عمران خان کو ’نئے آرمی چیف کے تقرر‘ کی خلاف خبردار کرتے ہوئے کہا کہ اس پر ملک بھر سے شدید ردِ عمل آئے گا۔ اپنے انسٹاگرام اکاؤنٹ پر ایک ویڈیو پوسٹ کرتے ہوئے عامر لیاقت نے کہا کہ انہیں اطلاعات موصول ہوئی ہیں کہ وزیراعظم نیا آرمی چیف مقرر کرنے والے ہیں۔ ساتھ ہی انہوں نے کہا کہ یہ فیصلہ تباہ کن ہوگا اور اس کیخلاف سب سے خطرناک آواز میری ہوگی۔ بات کو جاری رکھتے ہوئے انہوں نے کہا کہ’جنرل قمر جاوید باجوہ اور پورا ادارہ قابل احترام ہے، بلوچ ریجمنٹ سے لے کر آرمی چیف کے عہدے تک جنرل باجوہ کی خدمات ناقابلِ فراموش ہیں‘۔ انہوں نے کہا کہ آرمی چیف سے متعلق بات کرنا غیر جمہوری نہیں کیوں کہ ہم نے انہیں (ایکسٹینشن کے لیے) ووٹ دیے ہیں۔ پی ٹی آئی ایم این نے کہا کہ جو آپ کے اپنے ہیں انہیں آپ نے چھوڑ کر رکھا ہوا ہے، جن سے آپ مل رہے ہیں جو وزرا ہیں وہ جتنا آپ کو تباہ کررہے ہیں کوئی اور نہیں کررہا۔ عامر لیاقت کا کہنا تھا کہ سندھ ہاؤس پر جو حملہ ہوا اس نے ہماری پارٹی کی ساکھ کی دھجیاں بکھیر کر رکھ دی ہیں ہم جمہوریت کے پاسدار نہیں رہے، اشتعال میں آگئے، شدت پسند ہوگئے۔


