بدلتے حالات میں ذرائع ابلاغ کی اہمیت میں اضافہ ہوا ہے، گورنر بلوچستان

کوئٹہ (انتخاب نیوز) گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے کہا ہے کہ خطے اور ملک کے بدلتے ہوئے حالات میں ذرائع ابلاغ کی اہمیت و افادیت میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے۔ موجودہ ہائبریڈ وار فئیر کے چیلنجز سے نمٹنے کیلئے میڈیا کو الرٹ اور فعال رکھنا ضروری ہے اور اس مقصد کیلئے محکمہ اطلاعات کا کردار بنیادی نوعیت کا حامل ہے۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعرات کے روز گورنرہاوس کوئٹہ صوبائی سیکرٹری انفارمیشن عمران خان اور فیصل ادریس سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ اس موقع پر گورنر بلوچستان سید ظہور احمد آغا نے تمام سرکاری میڈیا مینیجرز خاص طور پر نظامت تعلقات عامہ، پی ٹی وی اور ریڈیو پاکستان کے حکام اور اہلکاروں کی کارکردگی کو سراہا اور کہا کہ مذکورہ اداروں کو ترقی یافتہ ٹیکنالوجی کے ذرائع سے استفادہ کرنے اور اپنے اداروں کو ترقی دینے کی اشد ضرورت ہے۔ گورنر بلوچستان نے کہا کہ اطلاعاتی اداروں کو اپنی استعداد کار میں اضافہ پر بھی خصوصی توجہ دینی چاہیے۔ جدید ٹیکنالوجی اور انفارمیشن لٹریسی سے اپنے اہلکاروں کو لیس کرنے کیلئے ضروری اعلیٰ تربیت کا اہتمام بھی کیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں