ٹائیگر فورس اور ڈنڈا بردار فورس پر سپریم کورٹ کا اظہار تشویش

اسلام آباد (انتخاب نیوز) سپریم کورٹ نے ٹائیگر فورس اور ڈنڈا بردار فورس پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ یہ ہماری بدقسمتی ہے، تمام جماعتیں قانون پر عمل درآمد یقینی بنائیں گی۔ آئین کے آرٹیکل 63 اے کی تشریح سے متعلق صدارتی ریفرنس کی سماعت میں چیف جسٹس آف پاکستان جسٹس عمر عطا بندیال نے ریمارکس دیے کہ معلوم ہوا ہے کہ جمہوری عمل میں خلل ڈالا جارہا ہے، عدالت چاہے گی سیاسی جماعتیں آئین کے دفاع میں کھڑی ہوں،معلوم نہیں عدم اعتماد پر ووٹنگ کب ہوگی۔ وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد پر ووٹ تو ہر صورت ہوگا، پھر دیکھیں گے کیا کرنا ہے، جسٹس مظہر عالم نے ریمارکس دیےکہ ٹائیگر فورس اور ڈنڈا بردار فورس ہماری بدقسمتی ہے۔ اٹارنی جنرل نے کہاکہ جے یو آئی نے نہ صرف احتجاج بلکہ جلسہ کی کال دی ہے، سڑک کے قریب جگہ مانگی گئی ہے، عدالت اس طرح کی کارروائیاں روکنے کی ہدایت کرے۔ جے یو آئی کے وکیل سینیٹرکامران مرتضیٰ نے یقین دلایا کہ ہم پر امن لوگ ہیں، ہم نے کبھی قانون ہاتھ میں نہیں لیا، ہم امن سے رہیں گے، اٹارنی جنرل کے اس بیان پر کہ جے یو آئی پرامن رہے تو مسئلہ ہی ختم ہوجائےگا، چیف جسٹس بولے آپ سے حکومت والے ڈرتے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں