چیف سیکرٹری، آئی جی پنجاب نیازی کے آلہ کار نہ بنیں، عظمیٰ بخاری
لاہور (انتخاب نیوز) مسلم لیگ (ن)پنجاب کی سیکرٹری اطلاعات عظمی بخاری نے چیف سیکرٹری اورآئی جی پنجاب کے نام پیغام میں کہا ہے کہ وارننگ دیتے ہیں کہ عمران نیازی کے آلہ کار مت بنیں،عمران خان اور ان کے چمچوں سے بھاگ جانا ہے بعد میں حالات کا آپ کو سامنا کرنا پڑے گا۔ انہوں نے کہا کہ چیف سیکرٹری پنجاب اور آئی جی پنجاب فرد واحد کی بجائے ریاست اور عوام کے خدمت گار بنیں،حکومت کی ڈوبتی کشتی میں سوار ہونے کی بجائے عوام کی کشتی میں سوار ہوں۔انہوں نے کہا کہ وزیراعظم ہاؤس سے پنجاب کی بیوروکریسی کو 400گاڑیاں اسلام آباد لانے کا حکم دیا گیا ہے،پورے پنجاب کے اسسٹنٹ کمشنر ز،پٹواری اور ڈی پی اوز پرائیویٹ گاڑیاں پکڑ رہے ہیں،سرکاری محکموں کے سیکرٹریز کو ان گاڑیوں کے کرائے کی ادائیگی کے احکامات دئیے گئے ہیں،عمران خان پریڈ گراؤنڈ میں کرائے کے دس لاکھ بندے جمع کرنے کا پلان بناچکے ہیں،اسلام آباد جلسے کیلئے حکومتی اراکین قومی اسمبلی 1,1ہزار میں بندے پورے کرنے میں مصروف ہیں،عمران خان ماضی میں جلسوں کیلئے سرکاری وسائل استعمال کرنے کا واویلا کرتے رہے ہیں۔


