مریم نواز اور حمزہ شہباز کی پریس کانفرنس بدنظمی کا شکار

لاہور (انتخاب نیوز) پارٹی سیکرٹریٹ ماڈل ٹاﺅن میں شدید بد نظمی کے باعث مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز اور پنجاب اسمبلی میں قائد حزب اختلاف حمزہ شہباز اعلان کردہ شیڈول کے مطابق پریس کانفرنس نہ کر سکے اوردونوں رہنما صحافیوں سے گفتگو کئے بغیر ہی مارچ کی قیادت کرتے ہوئے روانہ ہو گئے ۔ تفصیلات کے مطابق مریم نواز اور حمزہ شہباز نے اعلان کردہ شیڈول کے مطابق مہنگائی مکاﺅ مارچ کی روانگی سے قبل پریس کانفرنس کرنا تھی جس کے لئے صحافی سیکرٹریٹ کے اندر بھی پہنچ چکے تھے تاہم منتظمین نے صحافیوں کو باہر بلایا جہاں پر کارکنوں کی بڑی تعداد موجود تھی ۔ مریم نواز اور حمزہ شہباز کی آمد کے موقع پر کارکن پرجوش ہو گئے اور نعرے بازی کرتے ہوئے دھکم پیل شروع کر دی جس کی وجہ سے دونوں رہنما میڈیا سے گفتگو نہ کر سکے ،اس موقع پر لیگی کارکنان میڈیا کے کیمروں کے آگے کھڑے ہو کر نعرے بازی کرتے رہے۔حمزہ شہباز اور دیگر پارٹی رہنما بھی کارکنوں کو بیٹھنے کا کہتے رہے لیکن کارکنوں نے ایک نہ سنی جس کی وجہ سے کچھ دیر بعد مریم نواز اور حمزہ شہباز پریس کانفرنس اور کارکنوں سے خطاب کئے بغیر ہی مہنگائی مکاﺅ مارچ کی قیادت کرنے کےلئے چل پڑے ۔دونوں رہنما ایک ہی گاڑی میں بیٹھ کر کنٹینر تک آئے اور بعد ازاں رہنماﺅں کے ہمراہ کنٹینر کے اوپر جا کر کارکنوں کے نعروں کاہاتھ ہلا کر جواب دیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں