عمران کی حکومت جاچکی، ہم صرف خدا حافظ کہنے جارہے ہیں، مریم نواز
لاہور: پاکستان مسلم لیگ (ن) کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے کہا ہے کہ عمران خان کی حکومت جا چکی ہے ہم تو صرف اسے خدا حافظ کہنے جارہے ہیں، جس کا اپنی پارٹی ساتھ چھوڑ گئی ہے اس کے اتحادی کیوں چپکے رہیں گے ، اتحادیوں نے بھی اگلے انتخابات میں ووٹ مانگنے جانا ہے ،عمران خان کے نام پر دھتکارا تو جا سکتا ہے انڈے او رٹماٹر تو پڑ سکتے ہیں لیکن ووٹ نہیں پڑ سکتے ، فرح خان بنی گالہ کی فرنٹ مین ہے جس کے بہت جلد ثبوت عوام کے سامنے آئےں گے ، یہ سارے سکینڈلز کا باپ ہے ۔مہنگائی مکاﺅ مارچ کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا کہ عوام کا جو رد عمل آیا ہے اس سے ثابت ہوتا ہے کہ عوام اس نا اہل اور نا کام حکومت سے کس قدر تنگ ہیں ،حکومت کے خلاف اقدام اپوزیشن نے نہیں لیا بلکہ عوام نے لیاہے ،عمران خان کی اپنی جماعت کے لوگوں نے لیا ہے ،اس کی جو تاریخی ناکامی ہے اس کا بوجھ اب کوئی نہیں اٹھا سکتا،اپوزیشن تو لیٹ ہو گئی ہے عوام پہلے آگے چلے گئے ہیں ،عمران کی پارٹی پہلے آگے چلی گئی ہے ۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان ایک جھوٹا شخص ہے اس کی کسی بات کا قوم کو یقین نہیں ہے ،یہ وہی پینتیس پنکچر والا ، ایک کروڑ نوکریاں والا، پچاس لاکھ گھراورنو دنوں میں کرپشن ختم کرنے والا شخص ہے ۔انہوں نے کہا کہ اس کے پاس کوئی ٹرمپ کارڈ نہیں ہے ،اس کی عزت اسی میں ہے کہ سامان باندھے اور چلتا بنے ، عمران خان کی حکومت تو جا چکی ہے ،عوام روزانہ اس کی چیخیں سن رہے ہیں، میں نے کہا تھااب تمہیں بچانے کوئی نہیں آئے گا ،ہم تو اسے خدا حافظ کہنے جارہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ عمران خان نے جوتباہی کی ہے جو بربادی کی ہے اس کو درست کرنے میںوقت لگے گا ۔ا نہوں نے کہا کہ نواز شریف اور شہباز شریف خدمت کا نام ہے ،مسلم لیگ (ن) خدمت کا نشان ہے ، مسلم لیگ (ن) کو جب بھی حکومت ملی اس نے ملک کوترقی کی راستے پر ڈالا ہے ، مسلم لیگ (ن) کی حکومت آئے گی تو ملک کے حالات بہتر ہوں گے اورغریب کو ریلیف ملے گا۔ انہوں نے کہا کہ اس حکومت کے جو سکینڈلز بن گئے ہوئے ہیں ان کا صرف منظر عام پر آنا باقی ہے بلکہ کئی آ چکے ہیں، ہم نے کوئی سکینڈلز نہیں بنانے ،اب صرف حساب کتاب کا وقت باقی ہے ، عمران خان نہ میرے نہ شہباز شریف کے مجرم ہیں بلکہ وہ عوام کے مجرم ہےں او رعوام اس کا حساب لیں گے۔


