پاکستان کسٹمز کوئٹہ نے اسمگل شدہ سامان سے بھرے 11 کنٹینر ضبط کرلئے

اسلام آباد (انتخاب نیوز) پاکستان کسٹمز کوئٹہ نے 450ملین روپے مالیت کے اسمگل شدہ سامان سے بھرے 11 کنٹینر ضبط کر لئے .اسمگلرز کے خلاف بڑے کریک ڈاو¿ن میں پاکستان کسٹمز ( ایف بی آر ) کوئٹہ نے ہفتے اور اتوار کی درمیانی شب صوبہ پنجاب سے ملحقہ دو سرحدی اضلاع میں کاروائی کرتے ہوئے اسمگل شدہ سامان سے بھرے 11 کنٹینر ضبط کر لئے۔ ان دونوں کاروائیوں میں کلیکٹر انفورسمنٹ کوئٹہ نے خود نگرانی کی جبکہ دیگر قانون نافذ کرنے والے اداروں نے بھی معاونت فراہم کی۔ ضبط شدہ کنٹینرز میں 4 قیمتی کپڑوں سے ، جبکہ 3 نئے ٹائروں سے اور بقیہ میں کپڑے ، ٹائرز اور سگریٹس وغیرہ بھرے ہوئے تھے۔ ایک اندازے کے مطابق ضبط شدہ سامان کی پیداواری لاگت 380 ملین روپے جبکہ مارکیٹ قیمت 475 ملین روپے ہے۔ اس واقعے کی ایف آئی آر نامعلوم افراد کے خلاف درج کرلی گئی ہے اور مزید تفتیش جاری ہے۔ یاد رہے کہ ایف بی آر ہر قسم کی اسمگلنگ کے خلاف کسی قسم کی رعایت نہ کرنے کی حکمت عملی پہ عمل پیرا ہے اسی وجہ سے سرحد پہ سامان کی نقل و حمل کی کڑی نگرانی میں مزید اضافہ کردیا گیا ہے۔ وزیر خزانہ جناب شوکت ترین نے ملک بھر ایف بی آر کی جاری انسداد اسمگلنگ مہم کو سراہا۔ چئیرمین ایف بی آر و سیکرٹری ریونیو ڈویڑن ڈاکٹر محمد اشفاق نے بھی ہر قسم کی اسمگلنگ کے خلاف کوئی بھی رعایت نہ دینے کی پالیسی پہ عملدرآمد یقینی بنانے کے لئے چیف کلکٹر کسٹمز کوئٹہ محمد صادق اور کلکٹر کسٹمز انفورسمنٹ کوئٹہ فرید احمد خان کو خراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے پیشہ ورانہ مہارت اور بہادری کے اس کارنامے پہ کسٹمز حکام کے لئے تعریفی اسناد اور نقد انعامات کا اعلان بھی کیا۔ اس دوران انہوں نے اس امر کا اعادہ کیا کہ ایف بی آر ملک بھر میں ٹیکس کلچر کو عام کرنے اور اسمگلنگ کی روک تھام کے لئے اپنے غیر متزلزل عزم پہ قائم ہے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں