سپریم کورٹ کا وزیراعظم کے ججز سے متعلق بیان پر تشویش کا اظہار
اسلام آباد (انتخاب نیوز) سپریم کورٹ آف پاکستان نے وزیراعظم عمران خان کے ججز سے متعلق بیان پر سخت تشویش کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ وزیر اعظم نے کمالیہ جلسے میں کہا کوئی ججز کو اپنے ساتھ ملا رہا ہے، کس طرح کے بیانات دیے جا رہے ہیں، اخبارات میں کیسے کیسے بیانات چھپ رہے ہیں؟اگر وزیراعظم کو ملک کے سب سے بڑے آئینی ادارے عدلیہ پر اعتماد نہیں تو پھر کیا ہو گا،عدالت کے باہر کیا ہو رہا ہے اس سے ہمیں کوئی سروکار نہیں، ہم سوشل میڈیا میں ہونے والی بحث کے زیر اثر نہیں جبکہ چیف جسٹس عمر عطاءبندیال نے ریمارکس دیئے ہیں کہ پارٹی پالیسی کی خلاف ورزی کے نتائج بھگتنا ہوتے ہیں، آرٹیکل 63 اے میں لکھا ہے رکنیت ختم ہو جائےگی، آپ نااہلی کی مدت کا تعین کروانا چاہتے ہیں،کوئی رکن ڈی سیٹ ہوجائے تو تحریک عدم اعتماد تو ناکام ہو جاتی ہے تاہم حکمران جماعت اکثریت پھر بھی کھو دےگی،آرٹیکل 62 ون ایف کےلئے عدالتی فیصلہ ضروری ہے، آرٹیکل 63 میں نااہلی 2 سے 5 سال تک ہے۔


