پی ٹی آئی وفد سے وزارت اعلیٰ پنجاب پر کوئی بات نہیں ہوئی، مسلم لیگ(ق)
اسلام آباد (انتخاب نیوز) مسلم لیگ(ق) نے حکومت کی جانب سے وزارت اعلیٰ پنجاب کی پیشکش کی اطلاعات کی تردید کرتے ہوئے کہا ہے کہ حکمران جماعت پاکستان تحریک انصاف کے وفد سے ہونے والی ملاقات میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ پر کوئی بات نہیں ہوئی۔حکومتی وفد پیر کو چوہدری برادران کی رہائش گاہ ملاقات کےلئے آیا جہاں اسپیکر پنجاب اسمبلی چوہدری پرویز الٰہی نے ان کا استقبال کیا۔پی ٹی آئی کے وفد میں وفاقی وزرا اسد عمر، شاہ محمود قریشی اور پرویز خٹک شامل تھے جبکہ مسلم لیگ(ق) کے وفاقی وزیر چوہدری طارق بشیر چیمہ، مونس الٰہی، سالک حسین، حسین الٰہی اور کامل علی آغا موجود تھے۔دونوں اتحادی جماعتوں کے درمیان ملاقات میں تحریک عدم اعتماد اور موجودہ ملکی سیاسی صورتحال پر تفصیلی گفتگو ہوئی۔دوسری جانب مسلم لیگ(ق) کے ترجمان نے ملاقات کے دوران حکومت کی جانب سے اتحادی جماعت کو وزارت اعلیٰ پنجاب کے عہدے کی پیشکش کی میڈیا رپورٹس کی تردید کی۔انہوں نے کہا کہ حکمران جماعت سے مسلم لیگ(ق) کے وفد کی ملاقات میں پنجاب کی وزارت اعلیٰ پر کوئی بات نہیں ہوئی۔ملاقات کے بعد جب صحافیوں نے دونوں جماعتوں کی رہنماو¿ں سے سوال کیا کہ چینل چلا رہے ہیں کہ مسلم لیگ(ق) کو وزارت اعلیٰ کی پیشکش کی گئی ہے تو اس پر شاہ محمود قریشی نے جواب دیا کہ چینل کا کام ہی خبریں چلانا ہے، چوہدری صاحب ہمارا سب کچھ ہیں۔ایک سوال کے جواب میں مونس الٰہی نے جواب دیا کہ ہمارے انفرادی اور اجتماعی طور پر ان سے اچھے تعلقات ہیں تو بہت جلد ہی ایک اعلان کردیا جائے گا۔


