پی ٹی آئی آمرانہ سوچ رکھنے والی جماعت ہے، اسفند یار ولی
کوئٹہ (انتخاب نیوز) عوامی نیشنل پارٹی کے مرکزی صدر اسفندیارولی خان نے کہا ہے کہ پی ٹی آئی نے روزاول سے آئین کا مذاق اڑایا ہے، آج پاں تلے روندا گیا۔ اقتدار کے نشے میں مست عمران خان نے اپنی ناکامیوں کو چھپانے کیلئے غیرآئینی اقدامات اٹھائے۔ حکومت کی جانب سے تحریک عدم اعتماد کو مسترد کرنے اور اسمبلیاں تحلیل کرنے کے حوالے سے ردعمل دیتے ہوئے اے این پی سربراہ کا کہنا تھا کہ ساڑھے تین سال جمہوریت، پارلیمان اور آئین کے ساتھ کھلواڑ کیا گیا، آج حد پار کردی ہے۔ہر وہ شخص جس نے اس عمل میں ساتھ دیا ہو، وہ آئین کی سنگین خلاف ورزی کا مرتکب ہوا ہے۔جمہوریت اور آئین کو بچانے کیلئے سپریم کورٹ تک سمیت ہر پاکستانی کو اپنا کردار ادا کرنا ہوگا۔انہوں نے کہا کہ آئین میں عدم اعتماد اور اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے وضاحت موجود ہے لیکن پی ٹی آئی آمرانہ سوچ رکھنے والی جماعت ہے۔جس کیلئے عمران خان نے ریفرنڈم کی مہم چلائی، اسی کی طرز پر آئین پاکستان کو مسخ کردیا گیا۔جنہوں نے ایک دن جیل نہیں دیکھی، قربانی نہیں دی، وہ آئین کی عزت اور توقیر بارے کچھ نہیں جان سکتا۔عدم اعتماد کی کامیابی دیکھ کر انکے وزرائ، مشیر اور خود وزیراعظم بوکھلاہٹ کا شکار ہوگئے تھے۔ جب تک یہ ملک آئین کے تحت نہیں چلے گا، تب تک اس ملک میں انارکی کی صورتحال پیدا ہوتی رہے گی۔ انہوں نے عدالت عظمی سے استدعا کی کہ غیرآئینی و غیرجمہوری اقدامات کالعدم قرار دیں۔


