ڈی آئی خان، پولیس چیک پوسٹ پر خودکارہتھیاروں سے حملہ، جانی نقصان نہیں ہوا
ڈیرہ اسماعیل خان (انتخاب نیوز) تحصیل پروآ کی حدود علاقہ سکندر جنوبی میں پولیس چیک پوسٹ پر مشتبہ افراد کا خودکارہتھیاروں سے حملہ ،پولیس نے جوابی کارروائی کرکے حملہ پسپا کردیا، مشتبہ افراد فرار ہونے میں کامیاب ، جانی نقصان نہیں ہوا ۔تحصیل پروآ کی حدود میں واقع علاقہ سکندر جنوبی کے قریب پولیس چیک پوسٹ پر رات گئے مشتبہ افراد نے اچانک حملہ کردیا۔ ذرائع کے مطابق مشتبہ افراد کی جانب سے خود کار بھاری ہتھیار اور دستی بموں کااستعمال کیاگیا ،تاہم پولیس جوانوں کے بھرپور جوابی وار نے مشتبہ افراد کا حملہ ناکام بنادیا ، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران مشتبہ افراد وہاں سے فرارہونے میں کامیاب ہوگئے۔ مشتبہ افراد کے حملے کے دوران خوش قسمتی سے کوئی جانی نقصان نہیں ہوا ، واقعہ کی اطلاع پر پولیس کی بھاری نفری فوری موقع پرپہنچ گئی۔پولیس نے علاقہ کو گھیرے میں لے کر سرچ آپریشن شروع کردیا ۔


