دنیا حریف دھڑوں میں تقسیم ہے، لیکن بھارت مضبوط کھڑا ہے، مودی
نئی دہلی:بھارتی وزیر اعظم مودی نے کہاہے کہ دنیا مختلف دھڑوں میں منقسم ہے لیکن بھارت اپنے مفادات کے لیے غیر جانبدار موقف پر قائم ہے۔بھارتی ٹی وی کے مطابق وزیر اعظم نریندر مودی بدھ کے روز اپنی جماعت بھارتیہ جنتا پارٹی کی 42 ویں یوم تاسیس کے موقع پر کارکنان سے خطاب کر رہے تھے۔بھارتی وزیر اعظم نریندر مودی نے کہا کہ وہ کسی بھی عالمی دبا کے سامنے جھکے بغیر اس مضبوط آزادانہ موقف پر قائم ہیں، جو قومی مفادات کو ترجیح دینے کی اجازت دیتا ہے۔ انہوں نے اپنی حکومت کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ بھارت اب بین الاقوامی سطح پر تیزی سے اپنی ساکھ بحال کر رہا ہے۔انہوں نے کہاکہ آج بھارت بغیر کسی خوف اور دبا ﺅکے اپنے مفادات کے ساتھ دنیا کے سامنے مضبوط کھڑا ہے۔ جب پوری دنیا دو مختلف حریف دھڑوں میں تقسیم ہو چکی ہے، بھارت کو ایک ایسے ملک کے طور پر دیکھا جا رہا ہے جو مضبوطی سے انسانیت کی بھی بات کر سکتا ہے۔ان کا مزید کہنا تھا کہ یہ تحریک حاصل کرنے کا ایک بڑا موقع ہے۔ عالمی منظر نامہ تیزی سے بدل رہا ہے اور اس کے عالمی نظام پر بھی گہرے اثرات مرتب ہو رہے ہیں۔ اس کی وجہ سے، بھارت کے لیے بہت سے نئے مواقع بھی سامنے آ رہے ہیں۔


