پی ٹی آئی کا پارلیمانی اجلاس، اراکین کو استعفے نہ دینے کی تجویز
اسلام آباد (انتخاب نیوز) وزیراعظم عمران خان کی سربراہی میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا جس میں وزیراعظم نے اپوزیشن کا بھرپور مقابلہ کرنے کا فیصلہ کیا۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں 98 اراکین قومی اسمبلی نے شرکت کی۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی نے قومی اسمبلی سے استعفے نہ دینے کی تجویز دے دی اور کہا کہ ہمیں اسمبلی میں اپنا بھرپور کردار ادا کرنا چاہیے۔ ذرائع کے مطابق پارلیمانی پارٹی کے اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ قومی اسمبلی میں ارکان لمبی لمبی تقاریر کریں گے، تقریریں لمبی کی جائیں تاکہ ووٹنگ نہ ہوسکے۔ ذرائع کے مطابق اجلاس میں وزیراعظم عمران خان نے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ سپریم کورٹ نے اپنے فیصلے میں دھمکی آمیز خط پر بات نہیں کی، سپریم کورٹ نے ہارس ٹریڈنگ پر بھی کچھ نہیں کہا، ان کو اچکن آسانی سے نہیں پہننے دیں گے۔ سپریم کورٹ ڈپٹی اسپیکر کی رولنگ اور اسمبلی توڑنا غیر آئینی قرار، قومی اسمبلی بحال کردی گئی۔ خیال رہے کہ سپریم کورٹ کے گزشتہ روز کے فیصلے کی کاپی قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کو موصول ہوگئی ہے جس کے بعد اسمبلی کا اجلاس کل صبح ساڑھے 10بجے طلب کرلیا گیا ہے۔


