اسد قیصر عمران خان کا آلہ کار نہ بنیں، شہباز شریف
اسلام آباد (انتخاب نیوز) اپوزیشن جماعتوں کی جانب سے وزیرِ اعظم عمران خان کیخلاف تحریک عدم اعتماد جمع کروائی گئی ہے تب سے اس معاملے میں قومی اسمبلی کے سپیکر کے کردار کو بھی انتہائی اہم قرار دیا جا رہا ہے۔ اپوزیشن رہنما سپیکر کے کردار کے حوالے سے بارہا اپنے خدشات کا اظہار کرتے رہے ہیں اور سنیچر کو پاکستان مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف نے اس خدشے کو ایک مرتبہ پھر دہرایا۔ شہباز شریف نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے سپیکر قومی اسمبلی اسد قیصر کو شدید تنقید کا نشانہ بنایا اور متنبہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ سپیکر بن کر اپنا کردار ادا کریں ورنہ تاریخ میں ان کا نام بہت ہی برے الفاظ میں لکھا جائے گا۔ انہوں نے سپیکر قومی اسمبلی کو مخاطب کر کے کہا کہ وہ عمران خان کا آلہ کار نہ بنیں اور جمہوریت کو پٹڑی سے نہ اترنے دیں ورنہ تاریخ اور عوام آپ کو معاف نہیں کرے گی۔ اسد قیصر کی پی ٹی آئی کے اجلاسوں میں شرکت منصب کی توہین ہے۔


