شام میں تعینات روسی جنرل اب یوکرین میں فوج کی کمان کریں گے
ماسکو (مانیٹرنگ ڈیسک) روس نے یوکرین میں اپنی فوجی کارروائیوں کی نگرانی کے لیے کمانڈرجنرل الیگزینڈر دفورنیکوف کومقررکر دیا ہے، جو اس سے قبل شام میں تعینات تھے۔ بین الاقوامی میڈیا کے مطابق روس اب یوکرین کے مشرق میں اپنی جنگی کوششوں پردوبارہ منظم کررہا ہے، کیونکہ دارالحکومت کیف کے آس پاس کے علاقے کو محفوظ بنانے میں ناکام رہا ہے۔ میڈیا کے مطابق روس کی جنوبی فوجی کمان کے کمانڈرجنرل الیگزینڈر دفورنیکوف اب یوکرین میں بری روسی فوج کی قیادت کریں گے۔البتہ کریملن نے ابھی ان کے تقررکا اعلان نہیں کیا ہے۔ روسی 60 سالہ جنرل دفورنیکوف روسی فوج میں کئی اعلیٰ عہدوں پر فائز رہ چکے ہیں۔ان میں مشرق بعید کے فوجی ضلع کے کمانڈر کا عہدہ بھی شامل ہے۔ انھوں نے 2015 اور 2016 میں شام میں ماسکو کی افواج کی نگرانی کی تھی۔ کمانڈرجنرل الیگزینڈر دفورنیکوف نے شامی حکومت کے فوجیوں کے ساتھ مل کرباغیوں کے خلاف لڑائی میں حصہ لیا تھا۔ واضح رہے کہ یوکرین میں روسی فوج کی جنگ کو سات ہفتے گزرچکے ہیں اور اب روس نے یوکرین کے شمال سے اپنی فوجیں بڑی حد تک واپس بلا لی ہیں۔ یوکرین کے شمالی علاقون میں روسی افواج کو شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا تھا اور یوکرین کے میزائل حملوں کی وجہ سے ماسکو نے متعدد ٹینک اور طیارے بھی کھوئے۔


