متحدہ عرب امارات کا نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کیلئے نیک خواہشات کا اظہار
ابو ظہبی (مانیٹرنگ ڈیسک) متحدہ عرب امارات نے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارک باد دی ہے۔ تفصیلات کے مطابق ابوظہبی کے ولی عہد محمد بن زید النیہان اور دبئی کے حکمران محمد بن راشد المکتوم کی جانب سے شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم منتخب ہونے کی مبارک باد دی گئی ہے، دونوں رہنماں نے نو منتخب وزیراعظم کے لیے نیک خواہشات کا اظہارکرتے ہوئے امید ظاہر کی ہے کہ شہباز شریف باہمی تعلقات کو فروغ دینے میں بھرپور کردار ادا کریں گے۔ادھر سعودی ولی عہد محمد بن سلمان نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے، محمد بن سلمان نے شہباز شریف کے لیے نیک خواہشات کا بھی اظہار کیا ہے۔ علاوہ ازیں چین کی وزارت خارجہ نے شہباز شریف کے وزیر اعظم بننے پر مبارکباد پیش کر دی، گزشتہ روز تہنیتی پیغام سوشل میڈیا اکانٹ پر بھی جاری کر دیا گیا، ترجمان چینی وزارت خارجہ کے مطابق پاکستان کے وزیر اعظم کے طور پر شہباز شریف کے انتخاب پر مبارکباد پیش کرتے ہیں، چین پاکستان کے ساتھ مل کر ایک اعلی معیار کی پاک چین اقتصادی راہداری کی تعمیر کا خواہشمند ہے، چین پاکستان کے ساتھ مل کر ایک قریبی پاک چین کمیونٹی کے قیام کا خواہشمند ہے تاکہ مشترکہ مستقبل کے ایک نئے دور کا آغاز کیا جا سکے۔اس کے علاوہ روس کے صدر ولادیمیر پیوٹن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد دی ہے، پاکستان میں روس کے سفارتخانے کی جانب سے جاری بیان کے مطابق روسی صدر ولادیمیر پیوٹن نے شہباز شریف کو وزیراعظم منتخب ہونے پر مبارکباد پیش کی ہے، بیان میں کہا گیا کہ روسی صدر نے امید کا اظہار کیا ہے کہ شہباز شریف روس، پاکستان تعلقات، بین الاقوامی دہشت گردی سے نمٹنے اور افغان تصفیے میں تعاون کو مزید فروغ دیں گے۔ اسی طرح شہباز شریف کو پاکستان کا وزیراعظم بننے پر نیوزی لینڈ کی وزیراعظم جسنڈا آرڈرن نے مبارکباد دی ہے جب کہ ترکی کے صدر رجب طیب اردوان اور بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے بھی پاکستان کے نومنتخب وزیراعظم شہباز شریف کو مبارکباد دی تھی۔


