حکومتی اتحادی بی این پی مینگل کے کسی رکن نے وفاقی کابینہ کا حلف نہیں اٹھایا
اسلام آباد (انتخاب نیوز) متحدہ حکومت کی اتحادی جماعت بی این پی مینگل کے کسی رکن نے وفاقی کابینہ کا حلف نہیں اٹھایا جبکہ باپ پارٹی کی طرف سے اسرار اللہ ترین کو کابینہ کا ممبر بنادیا گیا ہے اور انہوںنے اپنے عہد ے کا حلف اٹھالیا ہے ۔ایوان صدر میں حلف بر داری کی تقریب کے بعد باپ پارٹی کے رہنما اسرار اللہ ترین نے کہاکہ وہ پارٹی فیصلے کے تحت وفاقی وزیر بنے ہیں اور انہیں دفاعی پیداوار کا محکمہ دیا گیا ہے ،جب ان سے پوچھاگیا کہ موجودہ حکومت سے کیا تعلقات ہیں تو انہوںنے کہاکہ ہم کھلے دل کے ساتھ حکومت کا حصہ بنے ہیں اور چاہتے ہیں کہ یہ نظام چلے اور ملک کے مسائل حل ہوں ۔ دریں اثناءذرائع کے مطابق بی این پی مینگل نے بعض امورپر تحفظات اور گور نر بلوچستان ان کی پارٹی سے نہ لئے جانے کے معاملے پر حتمی فیصلہ نہ ہونے تک وفاقی کابینہ کا حصہ بننے سے گریز کیا ہے ۔ ذرائع کا کہنا ہے وزیراعظم شہباز شریف جلد بی این پی کے صدر اختر مینگل سے ملاقات کرینگے جس میں بی این پی کو کابینہ میں شمولیت کےلئے راضی کرلیا جائیگا ۔


