تعلیم یافتہ خواتین اپنے خاندان، معاشرے میں مثبت تبدیلی کا موجب ہوتیں ہیں، آئی جی ایف سی بلوچستان (نارتھ)
کوئٹہ:انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) میجر جنرل محمد یوسف مجوکہ نے کوئٹہ، بلوچستان کی مسیحی برادری سے تعلق رکھنے والی پہلی مسیحی خاتون اسسٹنٹ کمشنر ماریہ شمعون سے ملاقات کی۔ آئی جی ایف سی بلوچستان(نارتھ) نے ماریہ شمعون کی بھر پور حوصلہ افزائی کرتے ہوئے کہا کہ فرنٹئیر کور بلوچستان (نارتھ) صوبے کے ٹیلنٹڈ اور ہونہار نوجوانوں کو ہر فورم پر سپورٹ کرنے کے لیے ہمہ وقت تیار ہے۔ اس موقع پر ماریہ شمعون نے فرنٹیئر کور بلوچستان (نارتھ) کی جانب سے حوصلہ افزائی کو سراہتے ہوئے کہا کہ اس مقام تک پہنچنے میں والدین اور بہن بھائیوں نے ہمیشہ حوصلہ بڑھایا۔ واضح رہے کوئٹہ ڈویلپمنٹ اتھارٹی کے ریٹائرڈ ملازم کی بیٹی ماریہ شمعون گولڈ میڈلسٹ ہونے کے ساتھ ساتھ بلوچستان کی پہلی مسیحی خاتون اسسٹنٹ کمشنر ہیں۔ فرنٹیئر کوربلوچستان (نارتھ)، صوبے کی ترقی اور خوشحالی کے لئے بلاتفریق صوبے کے ہونہار نوجوانوں کے ساتھ ہر ممکن تعاون اور مدد کیلئے ہمہ وقت تیار ہے۔


