حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے کے خواب نہ دیکھیں ‘ ملی یکجہتی کونسل
کوئٹہ: ملی یکجہتی کونسل بلوچستان کے زیر اہتمام مدرسہ خاتم النبیین ص کوئٹہ میں یکجہتی فلسطین کانفرنس کا انعقاد کیا گیا جس میں مختلف سیاسی و مذہبی جماعتوں کے رہنماں نے شرکت کی۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مجلس وحدت مسلمین پاکستان کے مرکزی ترجمان علامہ مقصودعلی ڈومکی نے کہا کہ مغربی سامراج انسانیت کا دشمن ہے۔ 39 ملکی اتحاد گزشتہ سات سال سے امریکہ کی چھتری تلے کام کر رہا ہے۔مسلم اتحاد کے نام پر یمن میں خونریزی کی جا رہی ہے۔ مختلف ممالک میں موجود ہمارے سفارت خانوں کو فلسطین کی آزادی پر واضح موقف اختیار کرنا چاہیے۔ہمیں مسئلہ فلسطین اور کشمیر پر عالمی رائے عامہ کو ہموار کرنا ہو گا۔مسئلہ فلسطین ظالم اور مظلوم کا مسئلہ ہے۔دنیا میں کہیں بھی ظلم ہو بحیثیت مسلمان احتجاج ہمارا فرض ہے۔تحریک اسلامی کے صوبائی رہنما سید رضا اخلاقی نے کہا کہ مسئلہ فلسطین پر ملک کی تمام سیاسی و مذہبی جماعتیں ایک ہیں اسرائیل ملت اسلامیہ کو کمزور کرنے کی سازش کر رہا ہے دوسری جنگ عظیم کے بعد اسرائیل کو خطہ میں پلانٹ کیا گیا۔مسئلہ فلسطین کے حوالے سے ہماری حکومت موثر کردار ادا نہیں کر رہی۔ہم فلسطین کاز کی خاطر اپنی جان دینے کیلئے بھی تیار ہیں۔کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے جماعت اسلامی کے صوبائی رہنما مولانا ڈاکٹر عطا الرحمن نے کہا کہ کشمیر و فلسطین میں انسانی حقوق کی بدترین پامالی کی جا رہی ہے۔قائد اعظم محمد علی جناح نے اسرائیل کو امریکہ و برطانیہ کی ناجائز اولاد قرار دیا تھا۔ہمارے حکمران اسرائیل کو تسلیم کرنے کے خواب نہ دیکھیں عوام ایسے کبھی قبول نہیں کرے گی۔


