سعودی عرب میں بیت الخلاءکے اندر سموسے تلنے والا پکوان سینڑ بند
جدہ (ویب ڈیسک) سعودی عرب میں بلدیاتی ادارے نے حفظان صحت کے بر خلاف 30 سال سے بیت الخلاءمیں سموسے تلنے والے پکوان سینٹر کو سربمہر کردیا۔ سعودی میڈیا کے مطابق جدہ کے ایک پکوان سینٹر پر بلدیاتی ادارے کی چھاپہ مار کارروائی کے دوران ہوش اُڑا دینے والے انکشافات ہوئے، کھانے پینے کی اشیاءکی تیاری میں حفظان صحت کے اصولوں کی سنگین خلاف ورزی کرتے ہوئے شہریوں کی زندگیوں سے کھیلا جا رہا تھا، سوشل میڈیا پر وائرل پکوان سینٹر پر چھاپے کی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ بیت الخلاءمیں سموسے بنائے جارہے ہیں جہاں لال بیگ سمیت دیگر حشرات الارض گھوم رہے ہیں، چھاپہ مار ٹیم کے مطابق رہائشی عمارت میں قائم کیے گئے پکوان سینٹر کے بیت الخلاءسے شدید تعفن اُٹھ رہا تھا اور وہیں سموسے تَلے جا رہے تھے جبکہ ملازمین کے پاس حکومتی ہیلتھ کارڈ بھی نہیں تھا، مذکورہ پکوان سینٹر میں سموسوں کے علاوہ کھانے پینے کی دیگر اشیاءبھی تیار کی جاتی ہیں، حفظان صحت کے اصولوں کی خلاف ورزری پر بلدیاتی حکام نے پکوان سینٹر کو تاحکم ثانی سیل کردیا۔


