امن و امان کیلئے نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیں گے، مریم اورنگزیب

اسلام آباد (انتخاب نیوز) وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات مریم اورنگزیب نے کہا ہے کہ نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے، نیکٹا کا اجلاس فوری بلایا جائے گا۔ اسلام آباد میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ کراچی میں گزشتہ روز ہونے والے دہشت گردی کے واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں، واقعہ بہت افسوسناک ہے، چینی شہریوں کی سیکورٹی کا ازسرنو جائزہ لیا جارہا ہے، چینی باشندوں کی فول پروف سیکورٹی کو یقینی بنایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ چینی سفارتخانے کو یقین دہانی کرائی ہے کہ تفتیش جلد مکمل کرکے آگاہ کیا جائے گا۔ ان کا کہنا تھا کہ وزیر داخلہ رانا ثنااللہ ملک کے تمام صوبوں کا دورہ کریں گے اور سیکورٹی صورتحال کا جائزہ لیں گے، آج وہ سندھ کا دورہ کر رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ نواز شریف کے دور میں نیشنل ایکشن پلان مرتب کیا گیا تھا جس کے باعث ملک میں امن برقرار ہوا تھا، نیشنل ایکشن پلان کا دوبارہ جائزہ لیا جارہا ہے، نیکٹا کا اجلاس فوری بلایا جائے گا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں