مراد سعید نے محسن بیگ پر مقدمہ درج نہ کرنے کا عدالتی فیصلہ چیلنج کردیا

اسلام آباد: سابق وفاقی وزیر مراد سعید نے صحافی محسن بیگ کے خلاف مقدمہ درج نہ کرنے کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ اپیل دائر کردی۔

ایکسپریس نیوز کے مطابق تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وفاقی وزیر مواصلات مراد سعید نے صحافی محسن بیگ کے خلاف سائبر کرائم ونگ میں اخراج مقدمہ کا سنگل بینچ کا فیصلہ چیلنج کردیا۔انہوں نے سنگل بینچ کے 8 اپریل کے فیصلے کے خلاف انٹرا کورٹ میں اپیل دائر کردی جس میں محسن بیگ اور ایف آئی اے کو فریق بنایا گیا ہے۔

درخواست میں وکیل کے توسط سے کہا گیا ہے کہ محسن بیگ کے ریمارکس نے مراد سعید کی ساکھ کو نقصان پہنچایا، سنگل رکنی بینچ نے اخراج مقدمہ کا حکم دیا، سنگل رکنی بینچ نے مراد سعید کو نوٹس جاری کرکے موقف بھی نہیں سنا۔درخواست میں کہا گیا ہے کہ سنگل رکنی بینچ نے سنے بغیر ایف آئی آر خارج کی، آٹھ اپریل کا فیصلہ غیر آئینی اور غیر قانونی ہے اس لیے اسے کالعدم قرار دیا جائے۔

اپنا تبصرہ بھیجیں