میرپورخاص میں شہری رمضان کی بابرکت رات بھی پینے کے صاف پانی سے محروم
میرپورخاص (انتخاب نیوز) میرپورخاص پبلک ہیلتھ واٹر سپلائی کے ذمہ داران کی غفلت کے سبب شہریوں کی زندگی اجیرن ہوگئی، میرپورخاص میں پینے کے پانی کا بحران سنگین ہوگیا لاکھوں شہری مضر صحت پانی پینے پر مجبور ہیں، میرپورخاص کے علاقے علی تالپر ٹاﺅن، اشتیاق ٹاﺅن، نوری آباد، کھری کوارٹر نٹ پاڑہ، بھان سنگھ آباد، رحیم نگر سمیت شہر کی نصف آبادی رمضان کی 27 ویں شب بھی پینے کے صاف پانی سے محروم ہے، صاف پانی ہر شہری کا بنیادی حق ہے مگر حکمران عوام کو پانی کی فراہمی میں ناکام ہیں جبکہ پبلک ہیلتھ ڈپارٹمنٹ کی نااہلی کھل کر سامنے آگئی، سٹلائیٹ ٹاﺅن واٹر سپلائی کے تالابوں کی صفائی نہ ہونے کی وجہ سے تالابوں میں مردہ مچھلیوں اور گندگی کی ڈھیر لگ چکے ہیں اور تعفن کے باعث عوام کا سانس لینا بھی محال ہوچکا ہے۔ عوامی حلقوں نے فوری طور پر صاف پانی کی فراہمی کا مطالبہ کیا ہے۔


