کراچی، عید کا چاند نظر آتے ہی ہوائی فائرنگ، خاتون سمیت 8افراد زخمی

کراچی، عیدالفطر کا چاند نظر آتے ہی شہر کے مختلف علاقوں اچانک شروع ہونے والی فائرنگ سے ایک خاتون سمیت 8 افراد زخمی ہوگئے، اورنگی ٹائون، قصبہ کالونی، ایم پی آر کالونی، بلدیہ ٹائون، پرانا حاجی کیمپ میں زخمی ہونے والے افراد کو سول، جناح اور عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا، چھیپا انفارمیشن بیورو کے مطابق پرانا حاجی کیمپ افغان ہوٹل، اورنگی ٹائون قصبہ کالونی زبیدہ ہسپتال، قصبہ کالونی طیبہ مسجد، اورنگی ٹائون بلوچ گوٹھ ایم پی آر کالونی، لانڈھی گلشن بونیر، بلدیہ ٹائون G-3 بس اسٹاپ کالا خان چوک، بلدیہ ٹائون ساڑھے 5 نمبر فٹبال گرائونڈ کے قریب زخمی ہونے والے 7 افراد اور قصبہ کالونی نیو میانوالی کالونی میں بلال مسجد کے قریب زخمی ہونے والی خاتون کو اسپتال منتقل کیا گیا۔ 3 زخمی سول اسپتال، 1 جناح اسپتال جبکہ 4 زخمیوں کو عباسی شہید اسپتال منتقل کیا گیا۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی پولیس چیف غلام نبی میمن نے تمام ڈی ایس پیز اور ایس ایچ اوز کو ہوائی فائرنگ کی روک تھام سے متعلق سخت ہدایت کرتے ہوئے تھانہ جات کی سطح پر اینٹی ایرئیل فائرنگ اسکواڈ تشکیل دینے کے احکامات دیئے تھے تاہم ہوائی فائرنگ روکنے میں پولیس ناکام رہی۔ دریں اثنا ویسٹ پولیس نے اورنگی ٹائون میں ہوائی فائرنگ کے الزام میں ایک ملزم رضوان ولد عابد کو گرفتار کرکے مقدمہ 212/2022 درج کرلیا۔

اپنا تبصرہ بھیجیں